اسلام آباد(آن لائن+آئی این پی)عوامی مسلم لیگ ن کے سربراہ شیخ رشید نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے جس میں ایل این جی معاہد ے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کو نا اہل قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے، ہفتے کے روز وکیل لطیف کھوسہ کے ذریعہ دائر کی گئی درخواست میں شیخ رشید کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایل این جی کے معاہدہ میں قوانین کو مد نظر نہیں رکھا گیا، مسلم لیگ ن حکومت نے ایل این جی معاہدہ میں سپریم کورٹ کی ہدایات کو مد نظر نہیں رکھا، عدالت ایل این جی معاہدہ کو کالعدم اور شاہدخاقان عباسی کی نا اہل قرار دے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ معاہدہ کے تحت ایک نجی کمپنی کو یومیہ 27ملین ادا کرنے ہونگے، سوئی سدرن کے ایم ڈی کو رینٹل معاہدہ کرنے کے لئے اس وقت کے وزیر پٹرولیم پر دباؤ ڈالا، ایل این جی کی خریداری کے لیئے شاہد خاقان عباسی نے ایم ڈی پی ایس او پر بھی دباؤ ڈالا لیکن انہوں نے انکار کردیا اور انکار پر نیا ایم ڈی شاہد اسلام کا تقرر کیا گیا، درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ غیر قانونی معاہدہ کے ذریعہ پاکستان کو اربوں ڈالرز کا نقصان ہوا ہے۔ درخواست میں یہ استدعا بھی کی گئی ہے کہ عدالت اہل اور ایماندار شخص کو چیرمین اوگرا تعینات کرنے کے احکامات جاری کرے اور چیئرمین نیب کو قانون کے مطابق کاروائی کرنے کا حکم دے۔ شیخ رشید نے کہا نواز شریف ‘ دانیال ‘ طلال اور نہال سب جیل کا مال ہیں ۔ نواز شریف خود آمر کی پیداوار ہیں اور آج ان کو ہی گالیاں نکالیں۔ حکمرانوں نے کمیشن کھانے کیلئے گیس اور بجلی مہنگی کر دی ہے۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ایل این جی کا کیس قوم سے وعدہ تھا۔ ایل این جی کے کمیشن میںکون کون ملوث ہے سب بے نقاب ہوں گے۔ نوا زشریف کو جسٹس قیوم اور جنرل بٹ چاہیے۔