لاہور (وقائع نگار خصوصی) پنجاب کی 56 کمپنیوں میں مبینہ کرپشن سے متعلق لاہور ہائیکورٹ میں زیر التواء مقدمے میں فریقین کی جانب سے جواب داخل نہ کروانے کیخلاف متفرق درخواست دائر کر دی گئی ۔ درخواست میں 56 کمپنیوں ،نیب ،ایف آئی اے ،آڈیٹر جنرل اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ۔ درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے 56 کمپنیوں میں کرپشن سے متعلق کیس زیر التواء ہے ۔کمپنیاں لاہور ہائیکورٹ میں زیر التوا ء مقدمے میں جواب داخل نہیں کروا رہیں اور تاخیری حربے استعمال کر رہی ہیں۔ درخواست گزار کے مطابق چند کمپنیوں کے بند ہونے کا بھی انکشاف ہوا مگر ان کی آئینی تشکیل اور دیگر تفصیلات طلب کی جائیں ۔عدالت تمام کمپنیوں کی تفصیلات طلب کرنے کے احکامات جاری کرے اور ایف آئی اے ،نیب ،ایف بی آر اور دیگر اداروں کو لکھے گئے خطوط کے جواب میں معلومات فراہم کرنے کا بھی حکم دے ۔