سوات کے علاقے کبل شریف آباد میں آرمی پوسٹ کے قریب والی بال میچ کے دوران خود کش حملے میں11 اہلکار شہید اور13 زخمی

سوات (نامہ نگار ‘ایجنسیاں ‘نوائے وقت رپورٹ) سوات کے علاقے کبل شریف آباد میں آرمی پوسٹ کے قریب والی بال میچ کے دوران خود کش حملے میں11 اہلکار شہید اور13 زخمی ہوگئے، سکیورٹی ذرائع کے مطابق شریف آباد میں آرمی پوسٹ19 L ki کے قریب گراﺅنڈ میں والی با ل میچ ہورہا تھا جس میں بڑی تعداد میں لوگ بھی موجود تھے کہ اس دوران ایک بمبار نے خود کودھماکے سے اُڑا دیا۔ وقوعہ کے بعدزخمیوں کو طبی امداد کیلئے سیدوشریف ہسپتال منتقل کیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ اس قدرزورد ار تھا کہ اسکی آواز دور دور تک سنی گئی، واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز اور پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لیکر حالات کنٹرول کرنے کی ذمہ داری سنبھال لی۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے میں کسی بھی قسم کی مزید نقصان سے بچنے کیلئے لوگوںکی آمدورفت کو محدود کرکے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔اے ایف پی کے مطابق طالبان نے صحافیوں کو ایک ای میل کے ذریعے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔ پولیس کی بھاری نفری نے بھی علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ حملے میں کیپٹن جہاں زیب شہید اور کیپٹن عدیل زخمی ہوئے ہیں۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے خود کش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بزدلانہ حملوں سے دہشتگردی کے خلاف عزم متزلزل نہیں ہوگااور دہشتگردی کے خلاف جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔ بزدل دہشتگرددشمن ہمارے جری جوانوں کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔ وزیراعظم نے شہداءکے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا اور شہداءکے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے سوات بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن پر جان قربان کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں کی شہادتیں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ سوات میں خودکش دھماکے کے شہدا کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔ عمران خان نے بھی سوات میں آرمی یونٹ میں خودکش حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، ملک میں فساد کے بیج بونے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداءکے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ مسلح افواج ملکی سلامتی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہی ہیں، بزدلانہ کارروائیاں حوصلے پست نہیں کرسکتیں، قوم دہشت گردی کیخلاف متحد ہے۔ وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قوم کے بیٹے امن کے دشمنوں کے خلاف جرا¿ت، بہادری اور شجاعت کی لازوال داستان اپنے لہو سے لکھ رہے ہیں۔ دہشت گرد حملے پاکستانی قوم کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے۔ دہشت گردی کو منطقی انجام تک پہنچا کر ہی دم لیں گے۔ دہشت گرد حملے پاکستانی قوم کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے۔ طاہر القادری نے کہا کہ دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہوگا۔ انسانیت کے دشمن دنیا و آخرت میں ذلیل و رسوا ہوں گے۔
11 شہید

ای پیپر دی نیشن