لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزا زاحسن نے کہا ہے کہ کل موچی گیٹ میں تاریخی جلسہ کریں گے، پنجاب حکومت کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں۔ پنجاب حکومت ہمارے جلسے کے بینرز اتروا رہی ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اداروں کے خلاف جنگ شروع کررکھی ہے۔ نواز شریف سازش کی باتیں کرتے ہیں، سازشی کا نام نہیں بتاتے۔ نواز شریف بتائیں ان کے خلاف کون سازش کررہا ہے۔ نواز شریف عدلیہ پر مسلسل تنقید کررہے ہیں، جمہوریت کے خلاف سب سے بڑے سازشی نواز شریف ہیں۔ نواز شریف نے محمد خان جونیجو کو سازش کے ذریعے ہٹایا، یہ بگڑے ہوئے لاڈلے ہیں، اب آنکھیں دکھا رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی حکومت ہونے کے باوجود نواز شریف رو رہے ہیں۔ 1998ء میں نواز شریف نے ججز پردبائو ڈالا۔ نوازشریف نے سپریم کورٹ پر حملہ کرایا۔ نواز شریف اور مریم نواز مسلسل عدلیہ پر تنقید کررہے ہیں۔ نواز شریف کہتے ہیں پانامہ کی بجائے اقامہ پر سزا دی گئی، اقامہ پانامہ سے زیادہ سنگین جرم ہے۔ عدلیہ نے شریف خاندان پر ہمیشہ نرم ہاتھ رکھا ہے، اقامہ رکھنے پر نواز شریف کے خلاف آرٹیکل 6 لگنا چاہئے، ایسا جرم نریندر مودی یا برطانوی وزیراعظم کریں تو جیل جائیں گے۔ اقامہ لوٹی ہوئی دولت کو چھپانے کا طریقہ ہے۔ ان کے خلاف غداری اور وفاداریاں تبدیل کرنے کا مقدمہ بنناچاہئے۔ نواز شریف پر کوئی اعتبار نہیں کرسکتا۔ نواز شریف نے ہر جمہوری حکومت کے خلاف سازش کی۔ اب یہ لوگ مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں۔ نواز شریف، یوسف رضا گیلانی کو کہتے تھے عدالت کا فیصلہ مانو، اب خود نہیں مان رہے۔ نواز شریف کے ساتھ آج بھی نرم رویہ رکھا ہوا ہے۔