یمن میں شدید جھڑپیں اہم کمانڈر سمیت 25 حوثی باغی ہلاک

Feb 04, 2018

صنعائ(این این آئی)یمن کی سرکاری فوج اور ایران نوازحوثی باغیوں کے درمیان تعز گورنری میں متعدد مقامات پر گھمسان کی لڑائی ہوئی،تازہ جھڑپوں میں جنوب مشرقی تعز میں نقیل الصلو کے مقام پر ایک اہم حوثی کمانڈر سمیت 25 جنگجو ہلاک اور60 زخمی ہوگئے،غیرملکی خبرساں ادارے کے مطابق یمنی فوج کے بریگیڈ 35 نے ایک بیان میں کہاکہ فوج نے حوثیوں کی طرف سے کیا گیا ایک بڑا حملہ ناکام بنا دیا۔ لڑائی کے دوران حوثیوں کا بریگیڈ کمانڈر بریگیڈیئر محمد عبدالخالق اپنے 28 ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا۔اطلاعات کے مطابق حوثی کمانڈر کو اس وقت ہلاک کیا گیا جب وہ الصلو اور دمنہ خدیر ڈائریکٹوریٹ کے درمیان سے گزر رہا تھا۔اس لڑائی میں سرکاری فوج نے توپ خانے سے باغیوں کے ٹھکانوں پر شیلنگ کی، سعودی عرب کی قیادت میں سرگرم فوجی اتحاد کے جنگی طیاروں نے باغیوں کے ٹھکانوں پر فضائی بم باری کی جس کے نتیجے میں باغیوں کا ایک ٹینک اور ایک فوجی گاڑی تباہ ہوگئی۔ادھر الحدیدہ گورنری کے ڈ حیس ڈاریکٹوریٹ، شمیر ٹاؤن اور مغربی تعزمیں مقبنہ کے مقامات پر حوثیوں کے ٹھکانوں پر سات حملے کیے جن میں باغیوں کے اسلحہ کے ذخائر کوتباہ کیا گیا۔یمن میں حوثیوں کی طرف سے جنگ میں جھونکے متعدد بچے لڑائی کے دوران ہلاک ہوگئے۔عرب ٹی وی کے مطابق حجہ گورنری کے اسپتالوں میں سرکاری فوج اور باغیوں کے درمیان لڑائی کے دوران ہلاک ہونے والے150 جنگجوؤں کی لاشیں لائی گئیں جن میں سے بیشتر کم عمر بچوں کی لاشیں ہیں۔ محاذ جنگ پر متعدد حوثی فیلڈ کمانڈر بھی ہلاک ہوئے ۔ ان میں حوثیوں کی قائم کردہ وزارت تعلیم کے سیکرٹری عبداللہ النعمی کا بیٹا بھی شامل ہے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ حجہ گورنری میں لڑائی کے دوران 150 حوثی باغی ہلاک اور سیکڑوں زخمی اور دسیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ بیشتر مقتولین کم عمر ہیں۔ انہیں حوثی باغیوں کی جانب سے بندوق تھما کر میدان جنگ میں اتار دیا۔

مزیدخبریں