ملتان + لاہور (سٹاف رپورٹر + این این آئی) نشتر انتظامیہ کے تمام اندازے غلط ثابت ہو گئے سیزنل انفلوئنزا (سوائن فلو) اے ایچ ون این ون سے متاثرہ ایک اور مریض چل بسا۔ نشتر ہسپتال میں مرنے والوں کی تعداد43 ہو گئی جبکہ گزشتہ روز دو نئے مریض داخل کرائے گئے ہیں۔ اس وقت نشتر ہسپتال میں 8 مریض داخل ہیں جن میں سے 5 آئسولیشن وارڈ اور تین مریض آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔ مذکورہ 8 مریضوں میں سے 4 مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے ایک نیگٹو جبکہ تین کی رپورٹس کا انتظار کیا جا رہا ہے گزشتہ روز مرنے والے 55 سالہ شخص کا تعلق خانیوال سے تھا۔ لاہور سے این این آئی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور کے مختلف ہسپتالوں میں سوائن فلو کے 12 مشتبہ مریض سامنے آئے ہیں۔ ڈاکٹرز ہسپتال میں تین‘ چلڈرن‘ گلاب دیوی‘ اتفاق ہسپتال میں 2‘ 2‘ سرجی میڈ اور مسعود ہسپتال میں ایک ایک مشتبہ مریض داخل ہوا جن کے نمونے ٹیسٹ کیلئے بھجوا دیئے گئے ہیں جبکہ شہر کے مختلف ہسپتالوں میں 21 مریض زیرعلاج ہیں۔