اسلام آباد (اے پی پی) وزیر دفاع خرم دستگیرنے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی دانشمندانہ پالیسیوںسے ملک ترقی اور اقتصادی خوشحالی کی راہ پرگامزن ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات میںکمی اور امن وامان کی صورتحال میں بہتری کے باعث ملک میں تجارتی سرگرمیاں بڑھی ہیں۔ تیزی سے ترقی کرتی ہوئی معیشت کے حوالے سے پاکستان کے مثبت تشخص میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک )منصوبہ پاکستان اور پورے خطے کیلئے گیم چینجر منصوبہ ہے اور اس منصوبے کو متنازعہ بنانے کی کسی کوبھی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا چین اور پاکستان کے تعلقات منفرد نوعیت کے ہیںاور ہمارے باہمی تعلقات کئی نسلوں پرمحیط ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک کے قریبی دوستانہ تعلقات میں مزید اضافہ ہو اور استحکام آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے دشمنوں کے عزائم سے خوفزدہ نہیں ہونگے اور عوام کی فلاح وبہبود کا سفر جاری رہے گا۔