٭ اُم المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا یہ بیان کرتی ہیں ،حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :جس مومن کے اخلاق اچھے ہیں اس کو دن کے روزے اوررات کے قیام کو ثواب ملتاہے۔(ابودائود)
٭ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسولِ خداصلی اللہ علیہ وسلم کافرمان ہے کہ حسنِ خلق کے باعث اللہ تعالیٰ اپنے بندہ کو روزہ رکھنے والوں اورنماز پڑھنے والوں کے مرتبہ پر پہنچادیتا ہے۔(حاکم)
٭ حضرت انس رضی اللہ عنہ ،نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: جس بندہ کے اخلاق اچھے ہیں وہ قیامت میں عزت و شرافت کے مرتبہ کو حاصل کرلے گا، اگرچہ اس کے اعمال کم ہی کیوں نہ ہوں۔(ابن ابی الدنیا)
٭ حضرت صفوان بن سلیم رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا میں تم کو سب سے زیادہ سہل اورآسان عبادت بتلادینا چاہتا ہوں،ایک خاموش رہنا اوردوسرے حسنِ خلق ۔(ابن ابی الدنیا)
٭ حضرت ابوالعلاء رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے آکر ایک شخص نے دریافت کیایارسول اللہ ! کون ساعمل افضل ہے؟آپ نے فرمایا:حسنِ خلق اس نے بائیں طرف جاکر پھر یہی سوال کیا آپ نے پھروہی جواب دیا،اس نے پیٹھ پیچھے جاکر یہی سوال کیا،آپ نے فرمایا:تجھے کیاہوگیا ہے کہ اتنی سی بات بھی نہیں سمجھتا ، حسنِ خلق یہ ہے کہ غصہ نہ کیاکر۔(محمدبن نصرالمروزی)
٭ حضرت ابوامامہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول خداصلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:جس شخص نے باوجود حق پر ہونے کے جھگڑے اورلڑائی کو ترک کردینے کی وجہ سے اپنے مطالبہ سے دست برداری کرلی تو میں اس کے لیے اس امر کاذمہ دار ہوںکہ اس کا گھر جنت کے ابتدائی حصہ میںبنادیا جائے اور جس شخص نے جھوٹ بولنا ترک کردیا ،ہنسی مذاق دل لگی میں بھی جھوٹ نہیں بولا۔اس کے لئے میں ضمانت دیتا ہوںکہ اس کا گھر جنت کے وسط میںبنایاجائے گا۔جس شخص نے اپنے اخلاق کو درست کیااس کے لئے میں ضمانت دیتا ہوںکہ اس کا مکان جنت میں سب سے بلند ہوگا۔(ابودائود)
٭ حضرت جابررضی اللہ عنہ ،نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: قیامت کے دن میری نظرمیں سب سے زیادہ محبوب وہ شخص ہوگا جس کے اخلاق سب سے اچھے ہوں گے۔(ابودائود)
٭ حضرت ابوذررضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیںکہ رحمت عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے فرمایا میں تجھ کودوباتیں ایسی بتادیتا ہوںجو عمل کرنے میں بہت ہلکی اورنامہ اعمال کی ترازو میں سب سے بھاری ہیں ایک توحسن خلق کو کبھی نہ ترک نہ کرنا۔دوسرے اکثر اوقات میں خاموش رہا کرو،خدا کی قسم!مخلوق نے کوئی کام ان دونوں کاموں سے بہترنہیں کیا۔(ابویعلیٰ)
حصولِ جنت کا آسان راستہ
Feb 04, 2019