گجرات (نامہ نگار) صحن میں کھیلتے7سالہ بچے کی گیند ہمسائے کی چھت پر گرنے کا انجام بچے کے باپ کی موت‘ ہمسایوں نے بچے کے باپ کو سر میں ڈنڈے مار کر قتل کر دیا۔ مقدمہ درج کرلیا گیا۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز تھانہ دولت نگر کے علاقہ گاؤں پھرا کٹھانہ کے رہائشی شوکت سلطان کے 7سالہ بیٹے محمد علی کی گیند ہمسایہ محسن کی چھت پر چلی گئی۔ بچہ گیند لینے گیا تو محسن نے بچے کو گالی گلوچ کیا اور تھپڑ مارے۔ بیٹے کی رونے کی آواز سن کر اسکا والد شوکت سلطان اور دادا سلطان احمد اور ماموں شبیر احمد چھت پر گئے اور بچے کو مارنے کی وجہ پوچھی تو ڈنڈا بردار ہمسایوں نے بچے کے والد پر ڈنڈوں کے شدید وار کیے جس سے وہ لہو لہان ہو گیا۔ تشویشناک حالت میں ہسپتال داخل کرایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس نے شبیر احمد سکنہ جلالپور جٹاں کی رپورٹ پر ہمسائے محسن اس کے بھائی عبداللہ اور والد شہباز عرف پیراں دتہ کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔