لاہور (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چودھری اور ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان نے عوام تک معیاری اشیائے خور و نوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے سستے اتوار اور ماڈل بازاروں کا اچانک دورہ کیا۔ پھلوں، سبزیوں، چکن، مچھلی، مرچ، مصالحہ جات اور دیگر سٹالز کی چیکنگ کے دوران ناقص اشیائے خور و نوش کی فراہمی کی کاوشوں کے پیش نظر صوبائی وزیر خوراک اور ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے اچانک دورے کئے۔ ٹاﺅن شپ ماڈل بازار اور جوہر ٹاﺅن میاں پلازہ اتوار بازاروں میں پھلوں، سبزیوں، چکن، مچھلی، مرچ ، مصالحہ جات اور دیگر سٹالز کی چیکنگ کی گئی۔ متعدد سٹالز پر موجود دودھ، مرچ اور مصالحوں کا موقع پر ٹیسٹ کرتے ہوئے 12 ناقص اشیائے خور و نوش موقع پر تلف کروا دی گئیں۔ مزید براں مچھلی سٹال پر موجود ناقص باسی اور غیر معیاری مچھلی بھی تلف جبکہ سٹال کو 20 ہزار جرمانہ عائد کیا گیا۔ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے بازاروں میں بنے فوڈ پوائنٹس کو ناقص انتظامات پر حتمی وارننگ نوٹسز بھی جاری کئے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک کا کہنا تھا کھلی دالیں فروخت کرنے والے سٹالز کو آخری وارننگ اور بغیر پیکنگ فروخت کی صورت میں سٹال سیل کر دیا جائے گا۔ اتوار بازاروں کی مسلسل چیکنگ کے لئے ہفتہ وار شیڈول ترتیب دے کر صوبہ بھر میں چیکنگ کی جاتی ہے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ عام آدمی کی خریداری کے تمام مراکز کو ناقص اور ملاوٹ زدہ اشیا سے پاک کرنا اولین ترجیح ہے۔
صوبائی وزیر خوراک، ڈی جی فوڈ کا ماڈل و اتوار بازاروں کا دورہ
Feb 04, 2019