لاہور (نیوزرپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت کا ایجنڈا لے کر آئے ہیں اور تبدیلی کے سفر میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے۔ سابق ادوار میں قومی وسائل نمائشی منصوبوں پر ضائع کئے گئے۔ اب تبدیلی آ چکی ہے اور عوام کی ترقی و خوشحالی کے حقیقی منصوبوں کو آگے بڑھائیں گے۔ وہ وزیراعلیٰ آفس میں مختلف وفود سے گفتگو کررہے تھے۔ وزیراعلی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مختصر عرصے میں عام آدمی کی فلاح کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں اور وزیراعظم عمران خان کی جرا¿ت مندانہ قیادت میں پاکستان اپنی کھوئی ہوئی منزل کی جانب بڑھ رہا ہے۔ پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی دل و جان سے مقدم ہے اور تحریک انصاف کی حکومت نے صوبے کے عوام کی بنیادی ضرورتیں پوری کرنے کیلئے جامع پروگرام تشکیل دیا ہے۔ تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں میں اصلاحات لائی جا رہی ہیں۔ موجودہ حکومت نے عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر وسائل فراہم کئے ہیں اور نئے پاکستان میں عوام کو ان کا حق ملے گا۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کی نئی منازل طے کرے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ حکومت نے مختصر مدت میں فلاح عامہ کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں اور مثبت اور عوام دوست پالیسیوں کے باعث تحریک انصاف مقبول ترین جماعت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرگودھا میں عامر سلطان چیمہ کی ری پولنگ میں کامیابی عوام کاکپتان کی قیادت پر بھر پور اعتماد کا مظہر ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے فیکٹری ایریا کے علاقے میں ڈور پھرنے سے 2افرادکے زخمی ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے پتنگ بازی کے واقعات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکم دیا کہ پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کینسر سے بچاو¿ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کینسر سے بچاو¿ کیلئے موثر آگاہی انتہائی اہم ہے اور ابتدائی سطح پر تشخیص ہونے سے کینسر کا مناسب علاج ممکن ہے۔ کینسر کے مریضوں کو علاج معالجے کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے حکومت کے ساتھ نجی شعبے کو بھی ملکر کام کرنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ پنجا ب عثمان بزدار نے تحریک پاکستان کے کارکن ونظریہ پاکستان فورم ملتان کے سر پرست اعلیٰ رشید احمد نیازی اور روزنامہ نوائے وقت اسلام آباد کے سینئر رپورٹر عترت حسین جعفری کے والدکے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
عثمان بزدار