اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے شیخ رشید کی طر ف سے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے خلاف گھٹیا زبان استعمال کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اعلیٰ ظرف اور شاندار روایات رکھتے ہیں جبکہ شیخ رشید کی تربیت ہی اس انداز سے ہوئی ہے کہ کہ وہ عزت اور شرافت کی زبان نہیں سمجھتے۔ شیدے جاسوس کا وسیلہ روزگار بھی صرف اور صرف بدکلامی رہا ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ فواد چوہدری، فیاض چوہان اور شیخ رشید میں مقابلہ ہو رہا ہے کہ ان میں سے زیادہ بدتمیز کون ہے؟ پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکریٹری اطلاعات حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ عمران خان نے کہا تھا کہ وہ شیخ رشید کو چپڑاسی بھی نہیں رکھیں گے۔ شیخ رشید میں اگر ضمیر ہوتا تو وہ نالہ لئی میں ڈوب مرتے، عمران خان کے وزیر نہ بنتے مگر شیخ رشید تھوکا ہوا چاٹنے کے عادی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خلاف غلیظ زبان استعمال کرکے اپنی پیدائشی تربیت ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات میں فراڈ کرکے شیخ رشید جیسے ناسور کو اسمبلی پہنچا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کے خلاف بیان بازی کرکے شیخ رشید نہ صرف دو وقت کی روٹی کما رہے ہیں بلکہ خود کو سیاسی طور پر زندہ رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
بلاول کیخلاف گھٹیا زبان قابل مذمت شیخ رشید کا روزگار ہی بدکلامی ہے‘ سعید غنی
Feb 04, 2019