دعوۃ اکیڈمی کے زیر اہتمام آئمہ و خطباء کورس اختتام پذیرہوگیا

Feb 04, 2019

اسلام آباد(نا مہ نگار)دعوۃ اکیڈمی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے زیر اہتمام 97واں تربیت آئمہ و خطباء کورس اختتام پذیر ہوگیا،کورس میں خیبرپختوانخوا، بلوچستان، پنجاب، سندھ اور وزیر ستان کی مساجد میں مامور 25 سے زائد آئمہ و خطباء شریک ہوئے جس کا دورانیہ 3 ماہ تھا۔ کورس کی اختتامی تقریب یونیورسٹی کے فیصل مسجد کیمپس میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی جامعہ کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی تھے۔ اس موقع پر دعوہ اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سہیل حسن، چیئرپرسن شعبہ تربیت ڈاکٹر شاہد رفیع، انچارج شعبہ تربیت آئمہ ڈاکٹر ظہیر الدین بہرام، ایسوسی ایٹ کوآرڈینیٹر حافظ محمد ظہیر اور دعوہ اکیڈمی کے دیگر اساتذہ و انتظامیہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ سائنسی اور سماجی تحقیق کے نئے پہلو جاننے کیلئے قرآن مجید سے استفادہ کیا جائے کیونکہ جملہ علوم کی ماخذ یہی عظیم کتاب ہے ۔ انہوں نے ائمہ پر زور دیا کہ وہ معاشرے کے وہ اہم افراد ہیں جو تفرقہ بازی جیسے مسائل کے خاتمے اور باہمی رواداری کی ترویج میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں، آخر میں ریکٹر جامعہ نے شرکاء میں تعلیمی کورس کے سرٹیفکیٹ تقسیم کئے ۔

مزیدخبریں