سیالکوٹ (نامہ نگار) گوجرانوالہ میں تعینات ایس ایچ او بدر منیر نے ماڈل ٹائون سیالکوٹ میں گھریلو ملازمہ پندرہ سالہ عالیہ کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ21 سالہ فیاض پر پرائیویٹ سیل میں الٹا لٹکا کر تشدد کا نشانہ بھی بنایا اور 15 سالہ عالیہ کو گرم پانی پلاتے رہے اور اس کے پاوں بھی جلا ڈالے۔ گڈیالہ غربی کے گوجرانوالہ تھانہ علی پور چٹھہ کے ایس ایچ او سب انسپکٹر بدر منیر نے سیالکوٹ میں اپنے ڈیرہ پر مویشیوں کو چارہ ڈالنے کیلئے ملازمہ عالیہ اور اس کے بھائی فیاض کو گھر سے ایک لاکھ روپے چوری پر حراست میں لے کر تشدد کیا اور عالیہ اور فیاض کو اگوکی میں اپنی رہائش گاہ پر لے جاکر بہن بھائی پر بدترین تشدد کیا گیا اورایس ایچ او بدر منیر کی بیوی انم ملازمہ عالیہ پر گرم پانی ڈالتی رہی جس سے اس کے پاؤں بری طرح جھلس گئے اور پولیس تشدد کا شکار عالیہ اور فیاض تحصیل ہسپتال سمبڑیال منتقل کردیئے گئے جہاں ان کا علاج معالجہ کیا جا رہا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔