لاہور (وقائع نگار خصوصی) احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کو غیر قانونی بھرتیوں کے نیب ریفرنس سے بری کردیا۔راجہ پرویز اشرف نے فیصلہ سننے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم اپنے مقدمات کو عدالتوں میں لڑتے ہیں، عدالتوں کے ساتھ نہیں لڑتے۔ احتساب عدالت کے جج نے بریت کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔ عدالت نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کوپیپکو اور گیپکومیں جعلی بھرتیوں کے نیب ریفرنس سے بری کردیا۔ عدالت نے شریک سات ملزموں کو بھی بری کرنے کا حکم دیا۔ فیصلے کے بعدراجہ پرویز اشرف نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ فیصلے پر خوش ہوں۔ اللہ کا بہت بڑا کرم ہوا ہے، اللہ کی مہربانی سے آج ہمیں انصاف مل گیا ہے، ایک ایسے مقدمے میں بری ہوا ہوں جس کا کوئی سر پیر نہیں تھا۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے۔راجہ پرویز اشرف پر 437 افراد کو غیرقانونی طور پر بھرتی کرنے کا الزام تھا۔ نیب نے سابق وزیراعظم سمیت آٹھ ملزموں کیخلاف احتساب عدالت میں 2016 میں ریفرنس دائر کیا تھا۔ بری ہونے والوں میں سابق ایم ڈی پیپکو طاہر بشارت چیمہ، سابق سیکرٹری وزارت پانی و بجلی شاہد رفیع، سابق ڈائریکٹرز بورڈ آف گورنرز محمد سلیم عارف، ملک محمد رضی عباس، وزیر علی بھائیو، سابق سی ای اومحمد ابراہیم مجوکہ اور سابق ڈائریکٹر ایچ آر حشمت علی کاظمی شامل ہیں۔