اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) الیکشن کمشن نے وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کیخلاف دائر نااہلی کی درخواست پر ان سے 2مارچ تک جواب طلب کر لیا۔ گزشتہ روزچیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے سماعت کی۔ فردوس عاشق اعوان کے وکیل نے موقف اپنایا کہ اپیل کنندہ توہین عدالت ثابت کرنے میں ناکام رہے اور درخواست بھی نامکمل ہے، ایک اخبار کی خبر پر توہین عدالت لگا کر نا اہل نہیں کیاجا سکتا۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ درخواست قابل سماعت نہیں۔ درخواست گزار نے کہا کہ تقریر کا ٹرانسکرپٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرا چکے ہیں اور پیمرا کو بھی اس میں پارٹی بنایا گیا ہے۔