پتراجایا: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کےدورہ ملائیشیا کے مثبت نتائج سامنے آئیں گےاورملائیشیا کیساتھ دوستانہ تعلقات کوسٹریٹجک تعلقات میں بدلنے میں مدد ملےگی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اس وقت ملائیشیا کے 2 روزہ دورہ پر وزیراعظم کے ہمراہ ہیں ،ایک خصوصی انٹرویومیں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ملائیشیا کے ساتھ تجارت اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات ہوئی ، ملائیشیا میں 82ہزار پاکستانی افرادی قوت مختلف شعبوں میں کام کررہی ہے۔وزیراعظم کےحالیہ دورے میں ملائیشیا کیساتھ 3معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ ایک معاہدہ ملائیشیا میں پاکستانی افرادی قوت کے حقوق کے تحفظ کیلئے کیا گیا ہے اس معاہدے کے تحت اگر کوئی پاکستانی ورکر ملائیشیا میں جاں بحق ہوجاتا ہے تو اسکے ورثاء کو پنشن ملے گی ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ملائیشیا میں مقیم پاکستانیوں نے رواں سال ایک ارب 55 کروڑ ڈالر وطن بھجوائے۔جبکہ رواں سال ملائیشیا سے آنیوالی ترسیلات زر میں 35 فیصد اضافہ ہوا۔ وزیر خارجہ کاکہنا تھا کہ وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان مسلم امہ کو تقسیم نہیں بلکہ متحد رکھنا چاہتا ہے۔اس سے قبل وزیراعظم اورمہاتیر محمد کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی جس کےبعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان سے باہمی تعاون سے متعلق جامع مذاکرات ہوئے ہیں۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کومزید مستحکم بنانے کا اعادہ کیا گیا جبکہ ہرسطح پررابطوں کوفروغ دینے پراتفاق کیا گیا ہے۔ مہاتیرمحمد نے دفاع اور تعلیم کے میدانوں میں بھی تعاون بڑھانے پراتفاق کیا گیا۔اس کےعلاوہ تجارتی رکاوٹوں کو دور کرکے باہمی تجارت پر اتفاق کیا گیاہے۔ ملائشین وزیراعظم نے مسلم امہ کو درپیش چیلینجز کے لئے مل کر کام کریں گے۔
گزشتہ رات ملائشیا کے وزیر برائے دفاع محمد صابو اور ملائیشین حکومت کے اعلی عہدیداروں نے کوالالمپور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عمران خان کا استقبال کیا۔ 2روزہ دورہ ملائیشیا کےدوران وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرمنصوبہ بندی اسد عمراور مشیر تجارت بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
وزیراعظم کےدورہ ملائیشیا کےمثبت نتائج سامنے آئیں گے : وزیرخارجہ
Feb 04, 2020 | 13:11