عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ کشمیریوں سے کئے گئے حق خودارادیت دلانے کے وعدہ کو پورا کرے اور اس مسئلہ کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کی ذمہ داری پورے کرے۔ اس امر کا اظہار پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی ایم این اے نے یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغامات میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہر پاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام جس طرح بھارتی جبر و ستم کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں اور 6 ماہ سے مقبوضہ ریاست کو جیل میں تبدیل کرنے کے باوجود ان کا جذبہ حریت کم نہیں ہوا، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ قیام پاکستان کے ایجنڈا کی تکمیل کیلئے کشمیریوں کی قربانیاں بہت جلد رنگ لا کر رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی چنگل سے نجات حاصل کرنے کیلئے کشمیری عوام، باالخصوص نوجوان جو قربانیاں دے رہے ہیں وہ حریت پرستوں کی تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھی جائیں گی۔ مقبوضہ کشمیر کو بھارتی مظالم سے نجات دلانے کیلئے تمام سیاسی جماعتیں، مسلح افواج اور پوری قوم ایک پیج پر ہیں، پاکستان کی جانب سے مکمل اور بھرپور سیاسی اور اخلاقی امداد کے باعث مظلوم کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور ان کا جذبہ آزادی دن بدن زور پکڑ رہا ہے.
ہر پاکستانی کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے: چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی، مونس الٰہی
Feb 04, 2020 | 21:30