چیئرمین حریت کانفرنس کا 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیرکے طورپر منانے پرپاکستان کے عوام اورحکومت سے اظہار تشکر 

مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے ہر سال 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے طورپر منانے پر پاکستان کے عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ رواں سال یہ دن انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ دن جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بھارت کے غیر قانونی اقدام کے تناظر میں منایا جارہا ہے ۔بھارت کا یہ یکطرفہ اقدام بین الاقوامی اقدار اور کشمیر کے بارے میںاقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان وہ واحد ملک ہے جو کشمیریوں کے حق خودارادیت کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت جاری رکھے ہوئے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے باعث اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے دو اجلاس ہوئے جن میں مسئلہ کشمیر پر غور کیا گیا۔حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق ،پروفیسر عبدالغنی بٹ، کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما حکیم عبدالرشید ،محمد شفیع لون ، خواجہ فردوس وانی ، عبدالصمد انقلابی ، جموں وکشمیر پیپلز لیگ ، جموں وکشمیر ینگ مینز لیگ ،تحریک وحدت اسلامی اور دیگر تنظیموں نے بھی یوم یکجہتی کشمیر منانے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ادھر بھارتی فوج کے مظالم اورفوجی محاصرہ اور لاک ڈائون منگل کومسلسل 184ویں روز بھی جاری رہنے کے خلاف پلوامہ ، سرینگراورشوپیاں میں متعدد مقامات پر مظاہرے کئے گئے ۔ مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں کئی مقامات پر آزادی کے حق میں پوسٹر آویزاں کئے گئے۔ ضلع اسلام آباد کے علاقے قاضی گنڈ میں آج بھارتی فوج کی ایک تیز رفتار گاڑی نے دانستہ طورپرٹکر مارکر ایک خاتون اور ایک بچی سمیت پانچ افراد کوزخمی کردیا۔

ای پیپر دی نیشن