اسلام آباد (نامہ نگار) اشتہارات کے غیرقانونی ٹھیکوں کے ریفرنس کیس کی سماعت کے دوران اسلام آباد کی احتساب عدالت کو بتایا گیا کہ سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی کے شریک ملزم فاروق اعوان کا امریکا میں ایکسیڈنٹ ہوگیا ہے اس لیے وہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے۔ بدھ کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف اشتہارات کے غیر قانونی ٹھیکوں کے ریفرنس کی سماعت جج محمد اعظم خان نے کی۔عدالت نے وزارت داخلہ سے ملزم فاروق اعوان کے بیرون ملک جانے سے متعلق رپورٹ طلب کر لی۔ یوسف رضا گیلانی اور شریک ملزم فاروق اعوان کی حاضری سے استثنی کی درخواست عدالت میں دائر کی گئی۔ فاروق اعوان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ میرے موکل فاروق اعوان کا امریکا میں ایکسیڈنٹ ہوا ہے، اس لیے وہ پیش نہیں ہوسکتے، فاروق اعوان کی میڈیکل رپورٹ بھی عدالت میں جمع کرا دی گئی ہے۔ احتساب عدالت نے حکم بھی دیا کہ آئندہ سماعت پر اس حوالے سے عدالت کو آگاہ کیا جائے نہیں تو قانونی کارروائی کی جائے گی۔