لاہور( آئی این پی) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلیم ملک نے کہا ہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستانی بلے بازوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتاہے،موجودہ موسم میں راولپنڈی میں بال سوئنگ کرے گا کیونکہ ماضی میں بھی ایسا ہی ہوتا رہاہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سلیم ملک نے کہا کہ پاکستانی بلے بازوں کو بہت محتاط ہوکر کھیلنا ہوگا،کراچی ٹیسٹ کی وکٹ بھی اچھی نہیں بنی تھی لیکن پاکستانی ٹیم خوش قسمت رہی کہ وہ ٹیسٹ جیت گئی،ایک پارٹنرشپ کی وجہ سے پاکستانی ٹیم ٹیسٹ جیتنے کی پوزیشن میں آئی۔ دوسری اننگزمیں جنوبی افریقہ کی پارٹنرشپ زیادہ لمبی چلی جاتی تو پھر جیتنا اتنا آسان نہیں ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ بالرز تو موجودہ کنڈیشنز میں چل جائیں گے بلے بازوںکو خاصی محنت کرنا پڑے گی ۔