لاہور (ندیم بسرا) چیئرمین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر بھارت میں مسلمانوں سمیت تمام مظلوم قومیتوں کی آزادی کا سرچشمہ بن گئی ہے۔ بھارت کے طول و عرض میں تقویت پاتی آزادی کی تحریکیں تحریک آزادی کشمیر سے نہ صرف متاثر ہیں بلکہ انکے لیے عزم و ہمت کی روشن مثال ہیں۔ بہت جلد کشمیر سمیت بھارت کے مسلمان آزاد فضاؤں میں سانس لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پرنمائندہ نوائے وقت کے ساتھ گفتگو میں کیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں۔ کشمیری ہمارے بھائی ہیں، انکی پاکستان سے محبت و عقیدت لازوال ہے۔ لاکھوں ماؤں بہنوں اور جوانوں کی قربانیوں، بدترین تشدد اور نسل کشی سمیت پونے دو سال سے جاری بدترین لاک ڈاؤن کے باوجود بھارت کشمیریوں کے حق خودارادیت کے جذبے کو مدھم نہیں کرسکا۔ پاک سر زمین پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جو آزادی کشمیر کے لیے اخلاقی حمایت سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات اٹھانے پر یقین رکھتی ہے۔ پی ایس پی تحریک آزادی کشمیر اور پاکستان کے دفاع میں مصروف فرنٹ لائن کی واحد سیاسی جماعت ہے جو تحریک آزادی کشمیر کو زندہ رکھے ہوئی ہے۔ جب مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کشمیر زور پکڑتی تھی تب را کے ایجنٹس کراچی میں خون کی ہولی کھیلتے تھے، تاکہ دنیا بھر کا میڈیا آزاد ی کشمیر کی بات نہ کرے اور کراچی میں جاری خون کی ہولی موضوع بحث بنے۔ پاک سر زمین پارٹی کے سوا آج پاکستان کی کوئی سیاسی جماعت تحریک آزادی کشمیر میں عملی طور پر سرگرم اور جانوں کے نذرانے پیش کرنے کا دعویٰ نہیں کرسکتی۔ 3 مارچ 2016 کو جب ہم نے پاکستان کی خاطر اپنی اور اپنے اہل خانہ کی زندگیوں کو داؤ پر لگایا اور وطن واپس آکر قوم کو بتایا کہ الطاف حسین بھارتی خفیہ ایجنسی را کا ایجنٹ ہے تو کچھ لوگوں نے ہماری بات تسلیم کی اور کچھ نے تسلیم نہیں کی۔ آج چار برس بعد ایم انور نے لندن میں بیٹھ کر تسلیم کرلیا کہ وہ بذات خود را سے پیسے لیکر الطاف حسین کو دے رہا تھا۔ 5 اگست 2019 کو جب بھارت نے کشمیر پر اپنے غیر قانونی ظالمانہ تسلط کو آئینی شکل دی تو پاک سر زمین پارٹی وہ پہلی سیاسی جماعت تھی جس کی اعلیٰ قیادت کشمیریوں کیساتھ یکجہتی کے لیے کراچی سے آزاد کشمیر پہنچی۔ حق خودارادیت کا حصول کشمیری عوام کا بنیادی حق ہے جو انہیں ملنا چاہیے۔ اقوام عالم کو اس دیرینہ عالمی مسئلے کا پائیدار حل تلاش کرنا ہوگا ورنہ یہ تیسری عالمی جنگ کا شاخسانہ ثابت ہو سکتا ہے۔ یہ صرف پاکستان کا نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے کیونکہ کشمیریوں پر مظالم انکے مذہب اسلام کی وجہ سے ڈھائے جا رہے ہیں۔ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کی وجہ سے معصوم کشمیریوں کی تین نسلیں تباہ ہوچکی ہیں اور بھارت منظم انداز میں کشمیری عوام کی نسل کشی کر رہا ہے لیکن حق خود ارادیت کیلئے مقبوضہ کشمیر کی عوام اور افواج پاکستان کی لازوال قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاک سر زمین پارٹی کشمیری عوام سے تجدید عہد کرتی ہے کہ جدوجہد آزادی میں اہل کشمیر کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے اور انکے حق خودارادیت کے لیے عملی اقدامات اٹھانے سے گریز نہیں کریں گے۔
کشمیری تحریک بھارتی مسلمانوں سمیت دیگر مظلوم قوموں کی آزادی کا سرچشمہ :مصطفی کمال
Feb 04, 2021