کراچی(اسپورٹس رپورٹر)سندھ حکومت کی نئی صوبائی اسپورٹس پالیسی میں کھلاڑیوں کی فلاح بہبود، عالمی سطح پر میڈلز جیتنے والوں کو نقد انعامات دینے، متوازی ایسوسی ایشز کے خاتمہ، انفرااسٹرکچر کا جال بچھانے، گراس روڈ پر کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات کا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا، اس امر کا اظہار سندھ بوائے اسکاؤٹس ہیڈ کواٹرز میں اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن سندھ(سجاس)کے تحت نئی اسپورٹس پالیسی کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرسندھ سید امتیاز علی شاہ نے کیا، قبل ازیں کھیلوں کی صوبائی ایسوسی ایشنز کے صدور اور سیکریٹریز نے تجاویز بھی پیش کیں،امتیاز شاہ نے کہا کہ نئی اسپورٹس پالیسی وقت کی اہم ضرورت ہے، جامع پلان نہ ہونے کے باعث مسائل پیدا ہوئے ہیں، محکمہ کھیل کا بنیادی کام ہی کھیلوں کو فروغ دینا اور کھلاڑیوں کی فلاح ہے،نئی صوبائی پالیسی میں کھلاڑیوں کو انعامات اور اعزازات دینے کا بھی ایک میکینزم بنا رہے ہیں، کھیل کے میدانوں کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کی ہاسٹلز بھی ہونی چاہئیں، محکمہ تعلیم سے مل کر اسکول اور کالج کی سطح پر کھیلوں کی سرگرمیاں کرنا بھی ہمارے پالیسی کا حصہ ہوگا، خواتین کے کھیلوں کے فروغ کے ساتھ ان کو مناسب نمائندگی دی جائے گی، کھلاڑیوں کے لیے پینشن کوچز اور آرگنائزرز کے لیے ایوارڈز اور نقد انعامات بھی تجویز کیے گئے ہیں، جبکہ اسپورٹس ویلفیئر فنڈز کی تجویز کو اسپورٹس پالیسی میں شامل کیا جائے گا،پیش کردہ معقول تجاویز پالیسی کا حصہ بنیں گی، سجاس کے صدر آصف خان نے اظہار تشکر کیا، سیکریٹری اصغر عظیم نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔