ؒٓلاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ کیلئے 17 رکنی قومی سکواڈ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔پی سی بی کے مطابق سکواڈ میں عابد علی، عمران بٹ، اظہرعلی، بابراعظم، فوادعالم اورسعود شکیل موجود ہیں۔فہیم اشرف، محمد نواز، محمد رضوان، سرفراز احمد اور حارث رؤف بھی سکواڈ کا حصہ ہیں۔سپنرز میں نعمان علی، ساجد خان اور یاسر شاہ سمیت حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور تابش خان بھی 17 رکنی سکواڈ کا حصہ ہیں۔سلمان علی آغا، کامران غلام اور عبداللہ شفیق 17 رکنی سکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل پاکستان اور جنوبی افریقی ٹیم کا پریکٹس سیشن جاری رہا۔پاکستان،جنوبی افریقہ کی ٹیمیں پریکٹس سیشن کیلئے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم پہنچیں۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین دوسرا ٹیسٹ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں آج سے شروع ہوگا۔پاکستان کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔راولپنڈی سٹیڈیم میں قومی کھلاڑیوں نے تیسرے روز بھی جم کر پریکٹس کی، نیٹ سیشن اور فزیکل فٹنس سے بھی پسینہ بہایا۔قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہاہے کہ کراچی ٹیسٹ جیتنے کے بعد کھلاڑی کافی اچھے ردھم میں ہیں، جنوبی افریقہ کوآسان نہیں لے سکتے وہ باؤنس بیک کرسکتے ہیں۔ راولپنڈی ٹیسٹ کی پچ کراچی کی طرح ہی لگ رہی ہے، جو بھی پلان لڑکوں کو دیا انہوں نے سپورٹ کیا۔ راولپنڈی میں کنڈیشنز بادلوں کی وجہ سے ہمیشہ مختلف ہوتی ہیں، راولپنڈی ٹیسٹ میں لگ نہیں رہا کہ چار فاسٹ بائولرز کھیلیں، حتمی فیصلہ میچ سے قبل کریں گے۔ راولپنڈی کے کراؤڈ کو کافی یاد کروں گا،۔ میری کوشش یہی ہوتی ہے کہ اپنی پرفارمنس دوں ، سعود شکیل نے ڈومیسٹک میں کارکردگی دکھائی ہے، سعود شکیل کوفرسٹ کلاس کا تجربہ ہے خاص طور پر سپنرز کو بہت اچھا کھیلتے ہیں، عبداللہ شفیق اورسعود شکیل دونوں ہی نوجوان باصلاحیت بیٹسمین ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ سے متعلق سعود اورعبداللہ کوسکھایا کہ دباؤ نہیں لینا ہے، اظہرعلی اور فواد عالم سینئرز ہیں اور ان سے ہمیشہ دباؤ میں کھیلنا سیکھنے کو ملتا ہے۔ میں مکمل سپن بائولرنہیں بس پریکٹس سیشن میں شوقیہ بائولنگ کرتا رہتا ہوں، کپتانی کے ذریعے بیٹنگ میں کافی فائدہ ہوا ‘میچ کے دوران اعتماد ملتا ہے۔
پنڈی ٹیسٹ آج سے شروع، قومی فاتح سکواڈ برقرار، جنوبی افریقہ کو آسان نہیں لیں گے: بابر اعظم
Feb 04, 2021