گوجرخان (نامہ نگار)پوٹھوہار پریس کلب کے نومنتخب سیکرٹری فنانس اور سینئر صحافی راجہ جاوید اقبال کو آبائی گاؤں بورگی بینس قاضیاں میں آہوں اور سسکیوں کیساتھ سپرد خاک کر دیا گیا، نماز جنازہ و تد فین کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، ممبران پوٹھوہار پریس کلب، لواحقین اور دوست احباب دھاڑیں مار مار کر روتے رہے، راجہ جاوید اقبال کی اچانک ناگہانی وفات پر فضا دوسر ے دن بھی سوگوار رہی،نماز جنازہ معروف مذہبی سکا لر علامہ ڈاکٹر محمد سجاد ساجد نے پڑھائی، نماز جنازہ میں علاقہ بھر کی سیاسی، سماجی، مذہبی، تعلیمی شخصیات، وکلاء ، صحافیوں، اخبار فروش یونین کے عہدیداران وممبران ، علاقائی پریس کلب کے عہدیداران وممبران،پوٹھوہارپریس کلب کے عہدیداران وممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور مرحوم کے فرزند روحان احمد و دیگر لواحقین سے اظہار تعزیت کیا راجہ جاوید اقبال ریٹائرڈ ٹیچراور منہاج القرآن کے تاحیات رفیق تھے، صحافت کیساتھ ساتھ مذہبی، سیاسی، سماجی اور کاروباری حلقوں میں اپنی الگ پہچان رکھتے تھے، قبر پر منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے پھولوں کا گلدستہ رکھا گیاصحافیوں اور دوست احباب نے بھی قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائی اور پھول نچھاور کئے جبکہ گورنمنٹ قادریہ سیکنڈری سکول کے ٹیچرز نے بھی ان سے والہانہ محبت کااظہار کرتے ہوئے پھولوں کا گلدستہ ان کی قبر پر رکھا۔