اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپوٹ) پاکستان میں کرونا وبا سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگانے کا آغاز ہوگیا اور پہلے مرحلے میں اس سے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز مستفید ہوںگے۔ علاوہ ازیں ملک میں مزید 1384 افراد میں کرونا کی تشخیص جبکہ مزید 56 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ مجموعی کیسز کی تعداد 5 لاکھ 49 ہزار 32 ہوگئی جبکہ اموات 11 ہزار 802 تک پہنچ گئیں۔ مزید ایک ہزار 509 مریض صحتیاب، تعداد 5 لاکھ 4 ہزار 46 ہوگئی۔ ملک میں فعال کیسز کی مجموعی تعداد 33 ہزار 184رہ گئی۔ صوبہ سندھ میں مزید 543 کیسز، 29 مریضوںکا انتقال ہوا۔ صوبہ پنجاب میں 573 نئے کیسز، مزید 13 مریض لقمہ اجل بنے۔ صوبہ خیبرپی کے میں مزید 170 افراد متاثر،11 مریضوں کا انتقال ہوا۔ بلوچستان میں 6 کیسز رپورٹ، اموات برقرار ہیں۔ اسلام آباد میں مزید 68 کیسز، اموات 475 پر برقرار ہیں۔ کشمیر میں مزید 23 افراد متاثر، 3 مریض انتقال کر گئے۔ گلگت بلتستان میں ایک نیا کیس رپورٹ، اموات 102 پر برقرار ہیں۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ کرونا ویکسی نیشن پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے، حکومت نے عوام کے تعاون سے کرونا وائرس کی وبا پر قابو پایا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر میں کرونا ویکسینیشن پروگرام کے آغاز کے موقع پر ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ پاکستان کے تعاون اور عوام کے تعاون و حکومت کی موثر کوششوں سے کرونا پر قابو پایا ہے جبکہ ملک پر مشکل وقت آیا تھا جس کا ہم سب نے مل کر مقابلہ کیا۔ چین نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی، دونوں ممالک کی دوستی مثالی ہے، مشکل صورتحال میں چین کے تعاون پر شکر گزار ہیں۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ میں تمام وزرائے اعلی اور آزاد کشمیر کے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے بدھ کے روز یکساں طور پر ملک بھر میں کرونا وائرس کے خلاف قومی حفاظتی ٹیکوں کی مہم کا آغاز کیا جس میں آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت تمام وفاقی اکائیاں شامل ہیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ چین کی ویکسین سائنو فارم 86 فیصدموثر ہے، پاکستان کی 22 کروڑ آبادی میں صرف 10 کروڑ افراد کو لگائی جائے گی، اٹھارہ سال سے کم عمر افراد کو ویکسین نہیں دی جائے گی، سب سے پہلے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی ویکسی نیشن کی جارہی ہے، دنیا بھر میں ویکسین 18 سال سے اوپر کے افراد کو لگائی جاتی ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے بدھ کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر میں میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ سائنوفارم قابل بھروسہ ویکسین ہے، کوشش ہے کہ اس سال کے آخر تک 70 فیصد افراد تک ویکسین پہنچے۔ پہلی ڈوز کے 21 دن بعد دوسرا انجکشن لگے گا، ہر شہری کو ویکسین مفت لگائی جائے گی۔ کرونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 30 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔ پاکستان میں استعمال ہونے والی کرونا ویکسین سائنو فارم نئی قسم کے وائرس کے خلاف بھی مؤثر ثابت ہوئی ہے۔ سمبڑیال سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق کرونا وائرس سمبڑیال میں ایک اور قیمتی جان نگل گیا۔ تحصیل بھر میں کرونا پازیٹو مریضوں کی تعداد 28 ہو گئی۔