مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل نہ کیا تو امن کو شدید خطرات ہونگے: سراج الحق

Feb 04, 2021

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے عالمی برادری کو خبردار کیا ہے کہ کشمیر چار ایٹمی طاقتوں کے درمیان گھرا ہوا دنیا کا اہم ترین مسئلہ ہے اور اگر اسے لاکھوں کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل نہ کیا گیا تو خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہوں گے۔ دنیا مسئلہ کی اہمیت و نزاکت کو سمجھتے ہوئے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا احترام کرے۔ اسلام آباد میں جماعت اسلامی کی میزبانی میں منعقدہ قومی کشمیر کانفرنس میں صدارتی کلمات کہتے ہوئے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں مسئلہ کشمیر پر سفارتی ایمرجنسی نافذ کی جائے اور مستقل طور پر ایک نائب وزیر خارجہ تعینات ہونا چاہیے جس کی ذمہ داری میں صرف امور کشمیر شامل ہوں۔ قومی کشمیر کانفرنس میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین، سفارتکار، کشمیری قیادت، وکلا، صحافی، انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندے اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ مقررین میں آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر،  راجہ پرویز اشرف،  سینیٹر راجہ ظفر الحق، سینیٹر مشاہد حسین سید، عبدالغفور حیدری، امیر العظیم، میاں محمد اسلم، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، پروفیسر محمد ابراہیم، اویس نورانی،  پروفیسر ساجد میر،  عبدالباسط،  حامد میر شامل تھے۔ صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہاکہ  یہ سیاستدانوں کا کام ہے کہ کشمیر کاز کے لیے عالمی سطح پر آواز بلند کریں۔ ہندوستان سے ڈرنے کی ضرورت نہیں، پاکستان عظیم ملک ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے جماعت اسلامی کو مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے میں فرنٹ رول کردار ادا کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پورے پاکستان کا مشترکہ مسئلہ ہے۔ اس ایشو پر سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر سب کو ایک پیج پر لائیں گے۔ سینیٹر راجہ ظفر الحق نے کشمیریوں کے لیے جدوجہد کرنے پر قاضی حسین احمد مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ دنیا کی کوئی طاقت اتنی ظالم نہیں جتنا ہندوستان ہے۔  سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہاکہ کشمیر پر کسی صورت سودے بازی نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ کشمیر ایشو پر عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔  پیپلز پارٹی کے رہنما سابق وزیراعظم راجہ پرویزاشرف نے کہاکہ پاکستان کی اساس مسئلہ کشمیر پر ہے۔  کشمیر کے حالات ایک لائحہ عمل کے متقاضی ہیں۔ قومی کشمیر کانفرنس کے دیگر مقررین پی پی کے سینیٹر نیر بخاری، امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم، امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رندھاوا، امیر جمعیت علمائے اسلام مولانا حامد الحق، صدر تحریک نوجوانان پاکستان عبداللہ گل، حریت رہنما محمود احمد ساغر، شمیم مشعال، متحدہ جمعیت اہلحدیث کے رہنما سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، علامہ عارف واحدی، حافظ زبیر احمد ظہیر، نمائندہ وفاق المدارس عبدالقدوس، سردار رجیت سنگھ، قاری یعقوب شیخ نے بھی جماعت اسلامی کی کشمیر کی آزادی کے لیے کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کشمیریوں کو ان کی جدوجہد آزادی پر مکمل تعاون کا یقین دلایا۔  

مزیدخبریں