آشیانہ ریفرنس، طبیعت خراب ہے جانے دیا جائے، شہباز شریف، یہ سہولت نہیں مل سکتی: عدالت 

Feb 04, 2021

لاہور(اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت نے آشیانہ ہائوسنگ ریفرنس کی سماعت 11فروری تک ملتوی کر دی۔ احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چوہدری نے سماعت کی۔ دوران سماعت شہباز شریف کرسی سے اٹھ کر روسٹرم پر آگئے اور فاضل جج کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں کچھ گوش گزار کرنا چاہتا ہوں۔ اجازت ملنے پر شہباز شریف نے کہا کہ میری طبیعت ٹھیک نہیں۔ مجھے جانے کی اجازت دی جائے۔ فاضل جج نے کہا کہ اگر آپ ضمانت پر ہوتے تو ٹھیک تھا ابھی آپ کسٹڈی میں ہیں۔ ابھی آپ کو یہ سہولت نہیں مل سکتی۔ یہ قانونی تقاضا ہے ،گواہوں کے بیانات قلمبند ہو رہے ہیں آپ کا عدالت میں موجود ہونا ضروری ہے۔ شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ شہباز شریف سے متعلق کوئی گواہ نہیں ہے۔ عدالت نے نیب کے گواہ کا دوبارہ بیان ریکارڈ کرنا شروع کر دیا اور شہباز شریف واپس آکر کرسی پر بیٹھ گئے۔

مزیدخبریں