پارلیمنٹ ہاؤس میں تصویری نمائش بعنوان ،، واک تھرو ہسٹری آف کشمیر ،، لگادی گئی ۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کشمیری عوام سے یوم یکجہتی کی مناسبت سے اس تصویری نمائش کا افتتاح کیا۔اسپیکر نے بھارتی مظالم کا نشانہ بننے والے مقبوضہ کشمیر کے معصوم اور بے گناہ بچوں، بزرگوں، عورتوں اور نوجوانوں کی تصویری جھلکیوں کا جائزہ لیا۔ تصویروں میں مقبوضہ کشمیر کی حقیقت پر مبنی حقائق کو دکھایا گیا ہے جس میں عالمی مبصرین کی رپورٹس بھی شامل ہیں ۔پیلٹ گن سے متاثرہ بچوں ،خواتین اور بزرگ کشمیریوں کی تصاویر بھی شامل ہیں ۔اسدقیصر نے کہا کہ کشمیریوں کے جدوجہد کی تصویری تاریخ دل کو افسردہ کر دیتی ہے، کشمیری عوام اپنی حق خودارادیت کی جدوجہد میں ضرور کامیاب ہو گی۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو نہتے، معصوم اور بے گناہ کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان بھارت کی جانب سے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو علاقائی اور عالمی فورمز پر بھرپور انداز سے اٹھاتا رہے گا۔ پاکستان کشمیر کی آزادی تک کشمیری عوام کے سفارتی ، پارلیمانی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔بعدازاں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، نہتے کشمیریوں پر طاقت کے استعمال سے نہ ان کی تحریک آزادی کو کچلا جا سکتا ہے اور نہ ہی پاکستان کے اصولی موقف کو بدلا جا سکتا ہے۔اسد قیصر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ ڈیڑھ برس سے فوجی محاصرے جاری ہے جس کے باعث عوام بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔ انہوں نے تشویش کا اظہار کیا کہ ڈیڑھ سال سے جاری محاصرے کی وجہ سے وہاں کے عوام کو ادویات اور اشیائے خوردونوش کی قلت کا سامنا ہے جس کے باعث اموات واقعہ ہونے کا خدشہ ہے۔ انہون نے اقوام عالم پر زور دیا کہ وہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری بربریت کا نوٹس لے اور بھارت کو ایسے اقدام سے روکے۔ سپیکر نے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر عالمی برادری کی خاموشی خطے میں کسی بڑی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے۔کشمیر ی عوام کی جدوجہد آزادی کے لیے پاکستان کی حمایت اور اصولی موقف کو اجاگر کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جد و جہد کی ہر فورم پر سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے پرعزم ہے اور اس سلسلہ میں پارلیمنٹ نے مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے اور مقبوضہ وادی میں بھارتی افواج کی طرف سے ڈھائے جانے والے ظلم و بربریت کو روکنے کے لیے متعدد قرادادیں منظور کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے طاقت کے بل بوتے پر قبضہ جدید معاشر ے کی اخلاقی اقدار اور عوام کے بنیادی حقِ خودارادیت کے منافی ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر عمل کروائے اور بھارت پر طاقت کا استعمال بند کرنے پر دبائو ڈالے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مقبوضہ کشمیر مین آزادی کا سورج جلد طلوع ہو گا اور وہاں کے لوگ سکھ اور چین کی زندگی گزار سکیں گے،اس موقع پر ڈپتی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ وادی میں کشمیری عوام کی خود ارادیت کی بھرپور ہمایت کرتا ہے اور ہر فورمز پر اس کے لیے بھرپور آواز اٹھائے گا۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ گزشتہ ڈیڑھ برس سے لگائے گئے انسانی محاصرے کو ختم کرے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل تلاش کرے۔
پارلیمنٹ میں تصویری نمائش بعنوان ،، واک تھرو ہسٹری آف کشمیر ،، لگ گئی, اسپیکر قومی اسمبلی نے افتتاح کیا
Feb 04, 2021 | 21:35