کراچی(کامرس رپورٹر) نیسلے پاکستان کو کراچی میں منعقدہ اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (OICCI)وومن ایمپاورمنٹ ایوارڈز 2021 میں لیڈرشپ اینڈ اسٹریٹجی ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ یہ اعتراف نیسلے پاکستان کی طرف سے ایسے ملک میں جہاں صنفی فرق بہت زیادہ ہے اور افرادی قوت میں خواتین کی نمائندگی کم ہے، ایک جامع ثقافت کی تشکیل کے لیے مستقل عزم کی توثیق ہے ۔ایوارڈ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے نیسلے پاکستان میں ڈائیورسٹی چیمپیئن، عبداللہ جاوید نے کہا "طویل مدتی خوشحالی صرف اسی صورت میں ممکن ہے جب خواتین کو ان کی صلاحیتوں سے بھر پور استفادہ کیلئے برابری کا موقع فراہم کیا جائے ۔ہم ادارے کے اندر اور باہر ان اصولوں پر عمل درآمد کے لیے بہت محنت کر رہے ہیں۔ کمپنی کے اندر تمام رہنما تنوع کے اہداف کے حصول کیلئے قائد انہ کردار ادا کرتے ہیں جو کاروبار کے تفصیلی منصوبے کا ایک لازمی حصہ بنتے ہیں۔ یہ صنفی مساوات کے بارے میں اقوام متحدہ کےSDG5، مہذب کام اور معاشی ترقی کے بارے میں SDG8 اور عدم مساوات میں کمی کے حوالے سے SDG10 کے مطابق نہ صرف خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے نیسلے پاکستان کے عزم اور لگن کو ظاہر کرتا ہے بلکہ ہمیں اپنے مشن کو مزید جاری رکھنے کی ترغیب دیتا ہے۔"نیسلے پاکستان کے پروگرام’پھر سے کر دکھائو‘ خواتین کو ان کی پیشہ ورانہ زندگی سے دوبارہ جڑنے کے لیے درست کوچنگ اور تجرباتی تعلیم فراہم کرتا ہے جبکہ ’ کرو اعتماد‘ پروگرام فرسودہ تصورات کا نہ صرف خاتمہ کرتا ہے بلکہ یونیورسٹی کی نوجوان خواتین طالبات کے ساتھ پیشہ ورخواتین کی کہانیاں شیئر کرکے ان میں امید، جذبہ اور خود اعتمادی پیدا کرتا ہے۔ نیسلے پاکستان احساس کفالت پروگرام کے ساتھ شراکت میں نیسلے بی آئی ایس پی رورل ویمن سیلز پروگرام جیسے مختلف پروگراموں کے ذریعے کمیونٹی کی شمولیت اور ان کی معیار زندگی کو بلند کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے جو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ( BISP) سے مستفید ہونے والوں کو ذریعہ معاش کے مواقع فراہم کر رہا ہے ۔ نیسلے پاکستان نے ابھی تک BISPکے 1,500 سے زیادہ مستفیدین کو دیہی سیلز ایجنٹ بناکر غربت سے باہر نکالا ہے ۔ایوارڈز کے نتائج کا فیصلہ ایک آزاد جیوری نے کیا جس نے مختلف زاویوں سے کمپنیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور مجموعی طور پر اور مختلف زمروں میں بہترین کارکردگی دکھانے والوں کو انعامات سے نوازا۔