حکومت ٹیکس کلچر کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کر رہی ہے: گورنر پنجاب  

Feb 04, 2022

لاہور(کامرس رپورٹر )گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ حکومت ٹیکس کلچر کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کر رہی ہے ، حکومت معیشت کو دستاویزی اور ٹیکسیشن کے نظام کو آٹو میشن پر لانا چاہتی ہے۔حکومت ٹیکس نظام میں اصلاحات کے لئے بھی کوشاں ہے۔ انہوں نے ٹیکس بارز کے ممبران کے مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ لاہور ٹیکس بار کی کاوشیں قابل ستائش ہیں،ٹیکس بارز اور سٹیک ہولڈرز کی مشاورت کو یقینی بنایا جائے گا۔وہ گزشتہ روز لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر جمیل اختر بیگ کی قیادت میں وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔جمیل اختر بیگ نے گورنر چوہدری محمد سرور کو آگا ہ کیا کہ نیشنل سنگل سیلز ٹیکس ریٹرن سے جہاں ریونیو کلیکشن میں مسائل پیدا ہوں گے وہیںوفاق کے لیے ٹیکس کی تقسیم میں بھی مشکلات پیدا ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ اگر زرعی ٹیکس وصولی کو یقینی بنالیا جائے تو پنجاب بے پناہ ترقی کر سکتا ہے۔ وفد نے گورنر پنجاب کو ایف بی آر کی جانب سے پھیلائے جانے والے خوف و ہراس پر اپنے شدید تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے لوگ ٹیکس نیٹ میں آنے سے گریزاں ہیں۔ٹیکس بارز نے ہمیشہ ٹیکس دہندگان اور ٹیکس مشینری کے درمیان پل کا کردار ادا کرکے حکومتی ٹیکس آمدن میں اضافہ کو یقینی بنایا ہے لیکن ہمارے اس کردا رکو ستائش کی نظر سے نہیں دیکھا جاتا۔

مزیدخبریں