اسلام آباد(خبر نگار+ این این آئی+شنہوا) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 42افراد جان کی بازی ہارے جبکہ کرونا وائرس کے مزید 5 ہزار 830 کیسز سامنے آئے ہیں، جبکہ مزید 7 ہزار 839 مریض شفایاب ہو گئے ۔پاکستان بھر میں اب تک 29 ہزار 372 کرونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس کے کل مریضوں کی تعداد 14 لاکھ 42 ہزار 263 ہو چکی ہے ۔ملک بھر میں ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کرونا وائرس کے 1 لاکھ 72 زیرِ علاج مریضوں میں سے 1 ہزار 590 کی حالت تشویش ناک ہے۔پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 12 لاکھ 54 ہزار 125 افراد کو کرونا وائرس کی ویکسین دی گئی۔ اب تک کل 17 کروڑ 74 لاکھ 83 ہزار 355 کرونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔ 8 کروڑ 25 لاکھ 54 ہزار 781 افراد کی مکمل ویکسی نیشن ہو چکی ہے ۔ مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ ،5 لاکھ 46 ہزار 141 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کل اموات 7 ہزار 849 ہو گئیں۔دنیا بھر میں کرونا وائرس سے شدید متاثرہ ملکوں میں مصدقہ کیسز کے حوالے سے جانز ہوپکنز یونیورسٹی کے سسٹمز سائنس وانجینئرنگ مرکز نے تازہ ترین اعدادوشمار جاری کئے ہیں۔دنیا بھرمیں کروناوائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 38 کروڑ47 لاکھ 1 ہزار 43 ہوگئی۔ امریکہ 7 کروڑ56 لاکھ 80 ہزار 487 مصدقہ کیسز کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ بھارت 4 کروڑ16 لاکھ 45 ہزار128 مصدقہ کیسز کے ساتھ دوسرے اور برازیل 2 کروڑ 58 لاکھ 20 ہزار 745 مصدقہ کیسز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔وزارت قومی صحت کے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ رانا صفدر نے کہا ہے کہ ملک کے بڑے شہروں میں کرونا وائرس کی ویکسی نیشن بڑھنے سے اس کے مثبت کیسز کی شرح میں کمی آئی ہے۔ شہری ویکسین لگوائیں اور ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔