لاہور (خصوصی نامہ نگار) ملک بھر کے تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ نے کہا ہے کہ نوشکی پنجگور پر دہشت گردوں کے حملوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ دہشت گرد عناصر وطن عزیز پاکستان کے امن و سلامتی سے کھیلنا چاہتے ہیں۔ سازش ناکام بنا دیں گے۔ پاک فوج اور ملک کے سلامتی کے اداروں کے شہداء اور جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پوری قوم افواج پاکستان اور سلامتی کے اداروں کے شانہ بشان ہے۔ آج جمعۃ المبارک کو ملک بھرمیں خطبات جمعہ مقبوضہ کشمیر کی مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ہندوستانی عزائم ، سازشوں کی مذمت کی جائے گی۔ چیئرمین پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، علامہ عبد الحق مجاہد، پیر نقیب الرحمن، صاحبزادہ حسان حسیب الرحمن، مولانا مفتی محمد زبیر، مولانا سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، علامہ عارف واحدی، علامہ محمد حسین اکبر، علامہ افضل حیدری، چرچ آف پاکستان بشپ آزاد مارشل، بشپ ارشد جوزف، سردار بشن سنگھ، ڈاکٹر مہندر، ڈاکٹر پال بھٹی اور دیگر اکابرین نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور وطن عزیز کی سلامتی کیلئے حکومت اور سپہ سالار قوم جنرل قمر جاوید باجوہ کو اپنے مکمل تعاون کا نہ صرف یقین دلاتے ہیں بلکہ اپنی فوج کے شانہ بشانہ ہر طرح کی جدوجہد اور قربانی کیلئے تیار ہیں۔