ملک معاشی، سیاسی دہشتگردی کی لپیٹ میں ،حکومت نے کشکول اٹھا لیا:امیر جماعت اسلامی

اسلام آباد(خبر نگار)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک اس وقت معاشی، سیاسی دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے۔ حکومت کے سب نعرے جھوٹ پرمبنی اس کی معاشی پالیسی ہاتھ پھیلا کشکول اٹھا لیا ہے۔ آئی ایم ایف سے ایک ارب ڈالر لینے کے بعد حکمران خوشی سے چھلانگیں لگا رہے ہیں۔ قوم کو بتایا جائے عالمی مالیاتی ادارے سے کن شرائط کے عوض قرضہ لیا گیا؟ آئی ایم ایف سے قرض لینے والے وزیراعظم نے تو خودکشی نہیں کی، لیکن بھوک، افلاس اور ٹیکسوں کی بھرمار سے عوام خودکشیوں پر مجبور ہو چکی۔ ملک کی معیشت آئی ایم ایف، عدالت انگریز اور تعلیم لارڈ میکلالے کے دیے گئے نظام کے تحت چل رہی ہے۔ اسلام کے نام پر حاصل کیے گئے پاکستان میں ایک دن کے لیے اسلامی نظام نافذ نہیں ہوا۔ وہ جامعہ عربیہ حدیقتہ العلوم مرکز اسلامی پشاو رمیں تقریب تکمیل بخاری شریف اور تقسیم انعامات سے خطاب کر رہے تھے۔ اہم مقررین اور شرکا میں شیخ الحدیث مولانا عبدالمالک، سابق ممبرقومی اسمبلی ڈاکٹر مولانا عطا الرحمان، ممبرقومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی، صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالواسع، نائب امیر مولانا محمد اسماعیل،ڈاکٹر محمد اقبال خلیل، ممبرصوبائی اسمبلی عبیداللہ چترالی شامل تھے۔ 

ای پیپر دی نیشن