رقبہ واگزار کروانے والی سرکاری ٹیم پر مشتعل افراد کاحملہ، 2 زخمی

Feb 04, 2022

 میاں چنوں ، وہاڑی،چوک سرور شہید (نمائندہ نوا ئے وقت،نامہ نگار،کرائم رپورٹر) سرکاری رقبہ واگزار کروانے والی ٹیم پر مشتعل افراد کاحملہ ، تحصیل دار کی گاڑی کے شیشے توڑ دیئے ۔ میاں چنوں سے نمائندہ نوا ئے وقت کے مطابق 132 سولہ ایل میں قابضین سے ایک کنال سرکاری رقبہ جس کی مالیت تقریبا 80 لاکھ روپے ہے واگزار کروانے پر دیہاتی مشتعل ہوگئے تحصیل دار اور اس کی ٹیم پر دھاوا بول دیا ،مشتعل افرادنے پتھراو کیا جس سے 2 افراد زخمی ہوگئے، تحصیل دار رانا شفیق کے مطابق پتھراو کرنے والوں میں خواتین کی کافی تعداد بھی موجود تھی ۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی کی زیر نگرانی تحصیلدار وہاڑی حافظ اقبال کاٹھیا اور اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے پیر مراد سے ملحقہ علاقے 43ڈبلیو بی میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کیا اور 80کروڑ  کی 24ایکٹر سرکاری اراضی واگزار کرالی۔ چوک سرور شہید سے نامہ نگار کے مطابق چوک سرور شہید میونسپل کمیٹی کے دفاتر بنانے کیلیے لوکل گورنمنٹ نے چھے کنال اراضی الاٹ کی لیکن سرکاری اراضی پر مافیا نے قبضہ کرنا شروع کردیا گزشتہ روزمافیا قبضہ کرنے میں مصروف عمل تھا جس پر اسسٹنٹ کمشنرکوٹ ادو موقع پر پہنچ گئے پولیس طلب کرکے قبضہ مافیا کے سرغنہ اویس کو گرفتار کرلیا۔ قبضہ واگذار کراکے میونسپل کمیٹی کا بورڈ نصب کردیا۔

مزیدخبریں