ملتان(خصوصی رپورٹر) پاکستان ریلوے کی موبائل ٹریکنگ ایپ کی غلط معلومات سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ 64 ٹرینوں میں لگائے گئے ٹریکروں میں سے اکثر ٹریکر خراب ہو چکے ہیں۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ریلوے انتظامیہ کی جانب سے اپ اینڈ ڈاؤن کی مختلف مسافر ٹرین خیبر میل، گرین لائن، تیزگام، عوام ایکسپریس، کراچی ایکسپریس، شالیمار ایکسپریس، پاک بزنس، جعفر ایکسپریس سمیت 64 ٹرینوں میں ٹریکنگ کی سہولت دی گئی ہے مگر موبائل لائیو ایپ سے ٹرینوں کی لوکیشن اور اسپیڈ کے حوالے سے غلط معلومات ملنے سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ لائیو ٹریکنگ ایپ میں ٹرین کی ظاہر کردہ لوکیشن غلط ہونے کے باعث مسافر اپنے گھروں میں انتظار کرتے رہتے ہیں جبکہ مطلوبہ ٹرین ان کے اسٹیشن کو بھی کراس کر جاتی ہے، غلط لوکیشن کے باعث آئے روز کئی مسافر اپنی مطلوبہ ٹرین کے ذریعے سفر پر روانہ ہونے سے رہ جاتے ہیں۔ بعض ٹرینوں کی لوکیشن ٹریکنگ ایپ سے ہی غائب ہو جاتی ہیں، ٹریکنگ سسٹم میں خرابی کے باعث ٹرین کی سپیڈ بھی غلط ظاہر ہو جاتی ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹریکرز کو ریلوے انجنوں میں نصب کیا گیا ہے، دوران سفر انجن خراب ہونے کی صورت میں انہیں تبدیل کیا جاتا ہے، بعض اوقات تبدیل کئے جانے والے انجن میں ٹریکر ایپ نصب نہیں ہوتا یا پھر نصب تو ہوتا ہے مگر نیا انجن نصب ہونے کے بعد اسے فعال نہیں کیا جاتا جس کی وجہ سے لائیو ٹریکنگ سسٹم درست معلومات دینے کی بجائے غلط معلومات فراہم کرنا شروع کر دیتا ہے۔