ملتان‘ بند بو سن‘ میاں چنوں (خبر نگار خصوصی‘ خبر نگاروں سے ) حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ ملتان نے کھاد مافیا کے خلاف شکنجہ مزید تنگ کردیا ہے اس سلسلے میں وہاڑی روڈ پر نیت سے ذخیرہ کی گئی 3 سو بوری سے زائد یوریا کھاد پکڑی گئی۔ کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے بند بوسن میں کھاد فروخت پوائنٹس، مارکیٹ کا دورہ کیا اور پرائس لسٹ ڈسپلے، آٹا چینی سپلائی، کھاد مارکیٹ، اسپیشل پوائنٹس پر کھاد کی طلب و رسد کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ارزاں نرخوں پر اشیاء خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔حکومتی پالیسیوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے افسران محنت کریں۔ کمشنر نے شہریوں سے ملاقات کی اور مسائل بارے دریافت کیا۔ ڈاکٹر ارشاد احمد نے پھل و سبزی منڈی کا دورہ کیا اور نیلامی عمل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جنرل بابر سلمان مارکیٹ کمیٹی کے افسران بھی موجود تھے۔ محکمہ زراعت کی جانب سے کئے گئے آپریشن میں ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں کے حکم پر کھاد مالک عمران خان گرفتار کرلیا گیا اور تھانہ مخدوم رشید میں مقدمہ بھی درج کرادیا گیا۔کریک ڈاؤن کے دوران ضلعی انتظامیہ نے 3 سو بوری کھاد بھی قبضے میں لیکر گودام سیل کردیا۔میاں چنوں میں یوریا کھاد نایاب ‘ بوری بلیک میں 2500 میں فروخت ہونے لگی محکمہ زراعت اور کاشتکاروں کی تنظیموں کے نمائندوں نے چند من پسند افراد کو سفارشی بوریاں دلوا کر ڈیلرز سے ساز باز کر رکھی ہے چھوٹا کسان یوریا کھاد کیلئیء ذلیل خوار ہو رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔