لاہور (اپنے نامہ نگار سے) سیشن کورٹ نے ہمسائے کے ساڑھے تین سالہ بچے کے قاتل کو سزائے موت سنا دی۔ عدالت نے ساڑھے تین سالہ بچے کے ساتھ زیادتی کرنے کے بعد کرنٹ لگا کر قتل کرنے کے کیس کا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے ملزم ندیم اسلم کو سزائے موت کی سزا کا حکم سنایا۔ ملزم کو مختلف دفعات کے تحت ساڑھے 3لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کا بھی حکم سنایا گیا ہے۔ مدعی مقدمہ کی جانب سے وکیل مدثر بلوچ نے دلائل مکمل کیے۔ ایڈیشنل سیشن جج شبریز اختر راجہ نے کیس پر فیصلہ سنایا۔ ملزم کو اغواء کی دفعہ کے تحت سات سال قید اور پچاس ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی جبکہ زیادتی کی دفعہ کے تحت عمر قید کی سزا اور پچاس ہزار روپے جرمانہ کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ عدالت نے قتل کی دفعہ کے تحت ملزم کو سزائے موت اور تین لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی، ملزم ندیم اسلم کو جیل سے لا کر عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالتی فیصلہ سننے کے بعد ملزم کمرہ عدالت میں رو رو کر رحم کی اپیل کرتا رہا۔