لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پاکستان کے آرکیٹیکٹس اور انجینئرز باصلاحیت اور فن تعمیر میں مہارت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آرکیٹیکٹس کی ڈیزائن کردہ بلڈنگز انگریز دور کے آرکیٹیکٹس سے زیادہ مسحور کن اور اپنی مثال آپ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار چودھری پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی کے معلوماتی دورہ پر آئے ہوئے انسٹی ٹیوٹ آف آرکیٹیکٹس پاکستان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد نے چودھری پرویز الٰہی کے دور کے تعمیر کردہ سرجیکل ٹاور‘ 8 کلب کی بلڈنگ‘ گجرات یونیورسٹی اور قرآن و سیرت اکیڈیمی سمیت دیگر عمارات کی تعریف کرتے ہوئے چودھری پرویز الٰہی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کے دور حکومت میں آرکیٹیکچر ڈیپارٹمنٹ کو پروموٹ کیا گیا۔ چودھری پرویز الٰہی سے ملتان پریس کلب کے صدر شکیل انجم نے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ میں جلد جنوبی پنجاب کا دورہ کروں گا اور جنوبی پنجاب کی محرومیوں کو دور کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کروں گا۔ شکیل انجم نے سپیکر چودھری پرویز الٰہی کو ملتان پریس کلب کے دورے کی دعوت بھی دی۔
پرویز الٰہی
ہمارے آرکیٹیکٹس کی بنائی عمارات انگریز دور سے بہتر ہیں: پرویز الٰہی
Feb 04, 2022