لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کی پہلی ویمن امپائر حمیرا فرح کا کہنا ہے کہ لیجنڈز کرکٹ لیگ میں امپائرنگ کرنے کا تجربہ شاندار رہا، لیجنڈز نے بہت سراہا، لیجنڈز کے درمیان کھڑے ہو کر امپائرنگ کرنا اعزاز ہے۔حمیرا فرح مختلف سطح کی کرکٹ میں 200 سے زائد میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکی ہیں، حمیرا فرح پاکستان ویمن ہاکی ٹیم کی نمائندگی بھی کر چکی ہیں جبکہ ان کا کیرئیر سپورٹس ایڈ منسٹریشن میں ہے۔حمیرا فرح کو حال ہی میں عمان میں ہونے والی لیجنڈز کرکٹ لیگ میں امپائرنگ کا موقع ملا ، انہوں نے کہاکہ لیجنڈز کرکٹ لیگ میرے لیے یادگار رہے گی، لیجنڈز کے درمیان کھڑے ہو کر امپائرنگ کرنا میرے لیے ایک ایسا اعزاز ہے کہ میں جتنا بھی فخر کروں کم ہے، لیگ میں امپائرنگ کا تجربہ بھی شاندار رہا ہے۔ ایونٹ سے پہلے میں کنفیوز تھی کہ کیا میں لیجنڈز کے درمیان کھڑے ہو کر امپائرنگ کر پاؤں گی یا نہیں لیکن لیگ میں سب نے تعاون کیا ، بڑے بڑے ناموں والے کھلاڑیوں سے لے کر منتظمین اور ساتھیوں نے تعاون کیا ، لیجنڈ پلیئرز نے جس طرح عزت دی میں نے سوچا بھی نہیں تھا۔ ڈیرن سیمی ، مصباح الحق، بریٹ لی اور محمد کیف نے نا صرف سراہا بلکہ بہت رہنمائی کی۔ لیجنڈز کرکٹ لیگ سے مجھے جو اعتماد ملا ہے وہ آئندہ کیرئیر میں کام آئے گا۔
لیجنڈز کے درمیان کھڑے ہو کر امپائرنگ کرنا اعزاز : حمیرا فرح
Feb 04, 2022