لاہور (سپورٹس رپورٹر ) وفاقی حکومت نے 10 سے 27 فروری تک قذافی سٹیڈیم، لاہور میں پاکستان سپر لیگ 7 کے میچز کھیلنے والے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کو ’’ریاستی مہمان‘‘ کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ایس ایل 7 کے دوسرے مرحلے کے دوران آرمی، رینجرز اور پولیس پی ایس ایل کے شرکاء کو سڑکوں کیساتھ ساتھ سٹیڈیم کے اندر اور اطراف میں فول پروف سکیورٹی فراہم کریں گے۔ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت سے سٹیڈیم کے راستے میں ٹیموں کی نقل و حرکت کے دوران ’روٹ زیرو‘ کی پیشکش کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔ صوبائی حکومت سے پولیس، رینجرز اور پاک فوج کی جانب سے تین سکیورٹی کارڈنز تعینات کرنے کی بھی درخواست کی گئی ہے۔پی ایس ایل کا پہلا مرحلہ 7 فروری کونیشنل سٹیڈیم کراچی میں ختم ہوگا اور اس کے بعد تمام فرنچائزز لاہور جائیں گی جہاں وہ بقیہ 19 میچز کھیلیں گی۔ صوبائی حکومت نے لیگ کے تمام شرکاء کو فول پروف سکیورٹی بھی فراہم کی تھی تاہم ٹیموں کی آمدورفت کے دوران سڑکوں کو عوام کی آمدورفت کیلئے بند نہیں کیا گیا۔ سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ حکومت اب مہمانوں کیلئے ’روٹ زیرو‘ کو یقینی بنائے گی جس کیلئے ہوٹل سے سٹیڈیم اور واپس جانے والے راستے کو دونوں جانب سے ٹریفک بند کرنے کی ضرورت ہوگی۔کھلاڑیوں کی لاہور آمد سے ایک روز قبل تمام سکیورٹی ادارے قذافی سٹیڈیم لاہور میں میٹنگ کریں گے اور اندرونی سکیورٹی ، بیرونی سکیورٹی اور روٹ کورڈن کی کمانڈ لیں گے۔لاہور میں پاکستان سپر لیگ 7 کے دوسرے مرحلے کیلئے تماشائیوں کی تعداد کا فیصلہ اگلے ایک دو روز میں متوقع ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ لاہور مرحلے میں تماشائیوں کی تعداد بڑھنے کیلئے پر امید ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے تماشائیوں کی تعداد کیلئے این سی او سی اور حکومتی اداروں سے رابطہ کیا ہے۔ کراچی میں جاری پی ایس ایل 7 کے پہلے مرحلے میں 25 فیصد تماشائیوں کو گراونڈ میں میچ دیکھنے کی اجازت ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ کرکٹ بورڈ قذافی سٹیڈیم میں پی ایس ایل 7 کے میچز میں 50 فیصد تماشائیوں کی اجازت کا خواہشمند ہے۔