8بھارتی کرکٹر کورنا کا شکار ویسٹ انڈیز ہوم سیریز خطرے میں

Feb 04, 2022

ممبئی(آئی این پی)بھارتی کرکٹ ٹیم کے 8کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد ویسٹ انڈیز  کے ساتھ سیریز کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا ہے۔بھارتی اوپنر شیکھر دھون ، ریتو راج گائیکواڑ اور شریس ائیر سمیت 8کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے، بھارت اور ویسٹ انڈیز کے مابین سیریز کا آغاز 6فروری سے ہو گا۔8کھلاڑیوں میں کورونا وبا کی تشخیص کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔بی سی سی آئی نے پہلے ہی یہ سیریز تماشائیوں کے بغیر کرانے کا فیصلہ کیا تھا، جبکہ 12فروری کو آئی پی ایل 2022ایڈیشن کے لئے آکشن بھی ہونا ہے۔بھارتی میڈیا کی خبر کے مطابق 8ہندوستانی کھلاڑی کورونا مثبت پائے گئے ہیں۔ دونوں ٹیمیں ایک ہی ہوٹل میں ٹھہری ہوئی ہیں ، لیکن ان کا فلور الگ الگ ہے ۔بھارتی میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے کئے گئے آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ میں سبھی کھلاڑی منفی پائے گئے تھے ۔ تاہم بدھ کو کئے گئے ٹیسٹ میں شیکھر دھون سمیت کئی کھلاڑی اور سپورٹنگ اسٹاف مثبت پائے گئے ہیں۔بی سی سی آئی کے خزانچی ارون دھومل نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کچھ کھلاڑی اور معاون عملہ کے مثبت پائے جانے کا اعتراف کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ خیال رہے ہے کہ کورونا کی وجہ سے سیریز کے وینیو میں بھی ردو بدل کیا گیا ہے۔ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے سیریز 6فروری سے شروع ہونے والی ہے۔ ون ڈے سیریز کے سبھی میچز احمد آباد میں ہونے ہیں ۔ ساتھ ہی ٹی 20سیریز 16فروری سے کولکتہ میں کھیلی جانی ہے۔ دونوں سیریز میں تین تین میچز کھیلے جائیں گے، اس سے قبل جنوبی افریقہ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کو ون ڈے سیریز میں 0-3سے شکست ملی تھی۔بھارت کے اوپنر روہت شرما ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں پہلی بار باقاعدہ کپتان کے طور پر میدان میں اتریں گے۔

مزیدخبریں