سعودی عرب کے قومی مرکز برائے جنگلی حیات کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ اورمشاعرمقدسہ کے علاقوں سے 95 فیصد بندروں بابون کو نکال دیا گیاہے۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق مکہ مکرمہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی مرکز برائے تحفظ جنگلی حیات کے ذمہ دار نے بتایاکہ پہاڑی علاقوں میں پائے جانے والے بندروں(بابون) کی وجہ سے مختلف مقامات پر مقیم افراد اوروہاں آنے والوں کومشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا ، جس پر قومی مرکز برائے تحفظ جنگلی حیات نے جامع منصوبے کے تحت بندروں کو وہاں سے نکالنے کی حکمت عملی پرعمل کیا۔ انہوں نے کہا کہ بندروں کو وہاں سے نکالنے کے لیے اختیارکی جانے والی تدابیرپرگزشتہ سال سے عمل کیاجارہا تھا جن پرکافی حد تک کامیابی حاصل ہوئی اس وقت مذکورہ علاقوں سے تقریبا 95 فیصد سے زیادہ بندروں کو نکالا جاچکا ہے۔قومی مرکزکی ٹیموں نے مکہ مکرمہ ریجن کے مختلف مقامات کا سروے کیا جہاں یہ بندر پائے جاتے تھے۔ بندروں کو وہاں سے مستقل بنیادوں پربھگانے کے لیے8اداروں پرمشتمل ٹیم تشکیل دی گئی ہے جنہوں نے 12 سو کلومیٹر کے رقبے کا سروے کیا اورمقررہ حکمت عملی پرعمل کرتے ہوئے وہاں سے بندروں کوبھگانے میں کامیابی حاصل کی ۔