لاہور (خصوصی نامہ نگار) نگران وزیراعظم کے معاون خصوصی اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمان پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منائیں گے۔ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر حل کرے، اگر ملک میں انصاف ہوگا تو کسی کو لیول پلیئنگ کی شکایت نہیں ہوگی۔ اسلام آباد دھرنے میں مگر مچھ کے آنسو بہانے والے مچھ میں حملہ کرنے والوں کے ساتھی نکلے۔ ان کا احتساب کرنا ہو گا۔ قاضی فائز چھوٹی عدالتوں کو بھی دیکھیں وہاں رشوت کے بغیر کوئی کام نہیں ہوتا۔ جامعہ منظور اسلامیہ لاہور کینٹ میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ 8 فروری کے بعد بننے والی حکومت کی پہلی ترجیح کشمیر ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عورتوں کے ووٹ پر واضح فتویٰ دے چکے ہیں۔ انہیں ووٹ کا حق ہے تاہم شریعت کے مطابق خواتین کے لئے پولنگ سٹیشن الگ ہوں۔