عمران نے پاکستان دشمنوں سے لاکھوں ڈالر لئے، قانون حرکت میں آیا تو خود کو مظلوم کہہ رہے ہیں: فضل الرحمن

لکی مروت (نوائے وقت رپورٹ) مولانا فضل الرحمان نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خلاف اب قانون حرکت میں آیا ہے تو وہ خود کو مظلوم کہہ رہے ہیں۔ لکی مروت میں جلسہ عام سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جے یو آئی ایک تحریک کا نام ہے اور جماعت نے ہمیشہ غریبوں کی نمائندگی کی ہے۔ ہم مسلمان ہو کر تمام عبادتیں پوری کرتے ہیں جو ہم سب کے ذاتی معاملات ہیں۔ عمران نے پاکستان دشمن ممالک سے لاکھوں ڈالر وصول کیے ہیں اور اب ایمان دار بن رہا ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت عوام کا روزگار ختم کرنے کے ایجنڈے پر کار بند رہی اور اعلان یہ کیا کہ ایک کروڑ نوکریاں دیں گے۔ 50 لاکھ گھر بنانے کے بجائے 50 لاکھ گھر مسمار کر دئیے۔ عمران اب جیل میں پڑا ہے، ریاست مدینہ کے نعرے لگا کر اب ریاست کی بھی ان کو سمجھ نہیں آ رہی۔ ان سے کوئی پوچھے کہ ریاست مدینہ کسے کہتے ہیں۔کہتے ہیں کہ ہمارے خلاف کچھ نہ ہو باقی سب کے خلاف قانون حرکت میں آئے، اب ان کے خلاف قانون حرکت میں آیا ہے تو کہتے ہیں ہم مظلوم ہیں۔ مجھے کہا گیا کہ باہر سے پیسہ آئے گا اور ہم خیبر پی کے کو بنائیں گے اور مولانا پیسے تم خود تقسیم کرنا۔ ہم نے ’’وڈیرہ اور خان‘‘ کلچر سے عوام کو آزادی دی۔ ایسی قوتیں بھی اقتدار میں آئیں جنہوں نے ملکی معیشت اور ترقی کو بریک لگا دی۔ ایک کروڑ نوکریاں، پچاس لاکھ گھر دینے کے دعویداروں نے نوکریاں چھین لیں، گھر گرا دیئے۔ ریاست مدینہ بنانے کے دعویدار آج عدالتوں کے فیصلے نہیں مانتے۔ فرنگی اپنا بندہ بھجوا کر حکم دیتے تھے کہ فلاں کو ووٹ دینا ہے۔ ہمارے نوجوان آج بھی اپنے مستقبل میں مایوس ہیں۔ اس ملک میں آزادی نہیں، ملک میں عوام کی معاش کا بندوبست نہیں، تمام حکمران اس میں ناکام رہے۔

ای پیپر دی نیشن