واشنگٹن (آئی این پی ) امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان میں 8 فروری کو شیڈول عام انتخابات کے دوران امریکی شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری ٹریول ایڈوئزری میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کی سیاسی سرگرمیوں جیسا کہ دوران مارچ، ریلیوں کے سبب ممکنہ طور پر سیکیورٹی کے حوالے سے صورتحال میں خلل پڑ سکتا ہے۔ جمہوری عمل میں عوامی اجتماعات کی اہمیت تسلیم کرتے ہوئے ایڈوائزری میں زور دیا گیا ہے کہ ٹریفک میں رکاوٹیں اور سیکیورٹی کے حوالے سے خطرات ہوسکتے ہیں کیونکہ ماضی میں پاکستان میں ہونے والے سیاسی ایونٹس تشدد کا نشانہ بنے ہیں۔ پاکستان کے دورہ کرنے والے امریکی شہریوں پر محتاط رہنے اور سیاسی ریلیوں کی جگہوں کے بارے میں معلومات لینے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ ایڈوائزری کے مطابق انتخابات والے دن پولنگ اسٹیشنز کے قریب علاقوں میں لوگ جمع ہو سکتے ہیں، لہذا امریکی شہریوں کو ان مقامات پر جانے سے گریز کرنا چاہیے۔ مزید برآں، انتخابات کے دوران اور فوری بعد انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس متاثر ہوسکتی ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ نے امریکی شہریوں کے لیے خصوصی ہدایات دی ہیں، جس میں بڑے عوامی اجتماعات میں جانے سے گریز، مظاہروں کے قریب محتاط رہنے، ذاتی سیکیورٹی پلان کا جائزہ لینے، اپڈیٹس کے لیے مقامی میڈیا کی مانیٹرنگ، شناختی دستاویزات ساتھ رکھنا اور مقامی حکام کے ساتھ تعاون کرنا شامل ہیں۔
پاکستان میں انتخابات کے دوران امریکی شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت
Feb 04, 2024