عوام کاہاتھ تھام لیا‘بے یارو مدد گار نہیں چھوڑیں گے:عبدالعلیم خان 

 لاہور(نوائے وقت رپورٹ)استحکام پاکستان پارٹی کے صدر اور قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدوار عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ہم نے عوام کا ہاتھ تھام لیا ہے، انہیں کسی مرحلے پر تنہا اور بے یارومددگار نہیں چھوڑیں گے، عوام کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی، نا انصافی اور استحصال برداشت نہیں ہوگا بلکہ ہماری حکومت اپنی معاشی اصلاحات کے ثمرات شہریوں کی عزت نفس کو مقدم رکھتے ہوئے آدمی کی دہلیز تک پہنچائے گی۔این اے117میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ عام آدمی کنزیومر کی شکل میں قیام پاکستان سے مسلسل ٹیکس دے رہا ہے اور اب اشرافیہ کی باری ہے کہ وہ قومی وسائل میں اپنا حصہ ڈالے اور ہم عوام کو وہ سہولیات دے سکیں جو اْن کا بنیادی حق ہے۔ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کرتے ہوئے انہیں مربوط اور جدید خطوط پر استوار کریں گے تاکہ ملکی مستقبل کو قومی اساس کے تقاضوں کے مطابق محفوظ بنایا جا سکے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ این اے117کے دونوں صوبائی حلقوں پی پی145اور 146میں گراس روٹ لیول پر سروے ہو چکے ہیں، مسائل کا ادراک ہے اور انشاء اللہ8فروری کے بعد جنگی بنیادوں پر اس علاقے کی فلاح و بہبود کو اولیت دیں گے اور شہریوں کو بنیادی سہولتوں سے آراستہ کرتے ہوئے اس علاقے کی طویل محرومیوں کو کم سے کم وقت میں ختم کیا جائے گا۔ انہوں نے بیگم کوٹ، سوئی گیس روڈ، لاجپت روڈ اور دیگر علاقوں میں عباس جٹ، سرفراز خان، نعیم مغل اور دیگر سیاسی شخصیات کی طرف سے انتخابی جلسوں کے انعقاد کو سراہا۔پی پی145سے امیدوار صوبائی اسمبلی سمیع اللہ خان، سابق صوبائی وزیر میاں خالد محمود اور میاں جنید ذو الفقار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ 

ای پیپر دی نیشن