ن لیگ کی عائشہ رجب کی آئی پی پی میں شمولیت، نواز کے بدلے نااہل کیا گیا: جہانگیر ترین 

Feb 04, 2024

فیصل آباد؍ لودھراں (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سابق رکن قومی اسمبلی عائشہ رجب بلوچ نے جہانگیر خان ترین سے ملاقات کر کے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اور این اے 97سے آئی پی پی کے امیدوار ہمایوں اختر خان کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا۔ عائشہ رجب بلوچ نے پیٹرن انچیف استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر خان ترین سے ملاقات کر کے ان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر جہانگیر ترین نے عائشہ رجب بلوچ کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے پارٹی مفلر پہنایا۔ عائشہ رجب بلوچ نے این اے 97سے استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار ہمایوں اختر خان کی بھرپور حمایت کا بھی اعلان کیا۔ علاوہ ازیں تنظیم حزب الرحمن، دربار قادر بخش شریف سید محمد عبداللہ شاہ کے سجادہ نشین سید محمد شیراز نے اپنے ہزاروں مریدین سمیت استحکام پاکستان پارٹی کے سینئر نائب صدر و حلقہ این اے 97سے امیدوار ہمایوں اختر خان اور حلقہ پی پی 102سے امیدوار سردار سکندر حیات جتوئی کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا۔ اس موقع پر ہمایوں اختر خان کے حق میں دستبردار ہونے والے امیدوار احسن ریاض فتیانہ اور ایم امین وٹو سمیت دیگر شخصیات اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ وکلاء برادری نے بھی 8فروری کے انتخابات میں استحکام پاکستان پارٹی کے پورے پینل کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرا دی۔ ہمایوں اختر خان اور سردار سکندر حیات جتوئی نے ممتاز آباد، گلشن رحمان، رسول پورہ، تاندالیانوالہ میں کارنر میٹنگز اور انتخابی جلسے سے خطاب کیا۔ ہمایوں اختر خان اور سردار سکندر حیات بلوچ نے تاندلیانوالہ بار کا بھی دورہ کیا جہاں وکلاء کی بڑی تعداد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ رہنما ہمایوں اختر نے کہا کہ لوگ جس طرح جوق در جوق ہمارے قافلے میں شامل ہو رہے ہیں یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ دہائیوں کے بعد عوام میں مایوسی کے اندھیرے چھٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حلقے میں آج تک صرف دو خاندانوں نے سیاست کی ہے لیکن انہوں نے بدلے میں اس حلقے اور یہاں کی عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔ استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین نے کہا کہ مجھے نواز شریف کی نااہلی کے بدلے نااہل کیا گیا تاکہ صورتحال برابر ہو جائے۔ لودھراں میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ آگے بڑھنے کا تہیہ کر لیا ہے۔ انشاء اللہ ملک ترقی کرے گا، عوام میری طاقت  ہیں عوام ایسا لڑیں گے کہ وہ یاد رکھیں گے۔

مزیدخبریں