بغداد؍ واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکی فوج نے عراق اور شام میں 85 مقامات پر فضائی حملے کر دئیے، امریکی حملوں سے عراق میں ایک جبکہ شام میں کئی شہری شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ امریکی حکام نے ایران نواز ملیشیا پر مزید حملوں کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ حملے امریکی اہلکاروں کو ہلاک کرنے کے جواب میں کیے گئے۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمارا ردعمل آج سے شروع ہوا ہے۔ اور یہ مستقبل میں بھی ہمارے منتخب کردہ وقت اور مقام پر جاری رہے گا۔ واضح رہے کہ چند روز قبل اردن میں امریکی فوجی اڈے پر ڈرون حملے میں 3 امریکی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ ان حملوں میں امریکی بی ون طیارے نے بھی حصہ لیا، امریکی حکام نے ایران نواز ملیشیا پر مزید حملوں کی دھمکی دی ہے۔ عراقی وزیراعظم کے ترجمان شیعہ السوڈانی نے ردعمل دیا۔ 16 شہری مارے گئے، ان حملوں کے تباہ کن نتائج ہو سکتے ہیں۔ روسی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مذمت کرتے کہا صورتحال پر سلامتی کونسل کو غور کرنے کی ضرورت ہے۔ فضائی حملے تنازعہ بھڑکانے کیلئے کئے گئے، حماسی ترجمان نے کہا حملے آگ پر تیل ڈالنا ہے۔
امریکہ کے عراق، شام میں 85 فضائی حملے، کئی شہری شہید
Feb 04, 2024