لاہور‘ فیصل آباد‘ پشاور (خصوصی نامہ نگار + نمائندہ خصوصی + بیورو رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سابقہ حکمران امن تباہ کرنے اور بدترین مہنگائی کے ذمہ دار ہیں۔ ملک میں روزانہ دھماکے ہوتے ہیں، 85ہزار پاکستانی شہید ہوگئے۔ قاتلوں کا آج تک پتا نہیں چل سکا۔ 80ہزار ارب قرض کی دلدل میں دھنسے پاکستان میں 10کروڑ لوگ خط غربت سے نیچے، پونے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر، اکثریت کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں۔ دوسری طرف حکمران اشرافیہ ساڑھے پانچ سو ارب کی مفت بجلی استعمال کرتی ہے۔ 90ہزار سرکاری گاڑیوں میں 220 ارب کا تیل جلتا ہے، برطانیہ کا وزیراعظم پانچ کمروں کے مکان میں، ہمارے صدور، گورنرز، وزارئے اعظم، بیوروکریسی ایکڑوں کے محلات میں براجمان ہیں۔ وسائل کی منصفانہ تقسیم اور امن و انصاف کے قیام کے لیے عوام ترازو پر مہر لگائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نورکوٹ نارووال میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عوام ملک میں اسلامی نظام چاہتے ہیں تو جماعت اسلامی کے امیدواروں کو ووٹ دیں۔ پاکستان کو نواز نہیں تعلیم کا حق اور روزگار چاہئے۔ خدا نے پاکستان کو ہر نعمت سے نوازا ہے۔ ہر طرح کے وسائل ہونے کے باوجود پاکستان ترقی کی دوڑ میں بھارت اور بنگلہ دیش سے بھی پیچھے رہ گیا ہے بلکہ ہم معاشی طور پر افغانستان سے بھی پیچھے ہیں۔ فیصل آباد کے عوام فیصل آباد کی ترقی چاہتے ہیں تو ترازو پر مہر لگا کر جماعت اسلامی کو کامیاب کرے ہم اس شہر کو حقیقی ترقی دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ رات فیصل آباد کے دھوبی گھاٹ گراؤنڈ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا پاکستان کو مسائل کا شکار کرنے والی جماعتیں ان مسائل کو حل نہیں کر سکتیں۔ جلسہ عام سے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر جاوید قصوری اور ضلعی امیر محبوب الزماں بٹ نے بھی خطاب کیا۔ اپنے خطاب کے دوران محبوب الزماں بٹ نے دعویٰ کیا کہ کل ہونے والا مسلم لیگ ن کا جلسہ ہمارے جلسے سے نصف بھی نہیں تھا۔ یہ فیصل آباد کے عوام کا ہم پر بھروسہ ہے کہ وہ ن لیگ کی بجائے جماعت اسلامی کے جلسہ میں بڑی تعداد میں شریک ہوئے ہیں۔ امیر سراج الحق اور جماعت اسلامی آزاد کشمیرکے امیر ڈاکٹر محمد مشتا ق خان نے مشترکہ طور پر کہا ہے کہ پاکستانی عوام جماعت اسلامی پر اعتماد کریں، کشمیر، فلسطین آزاد اور ملک کو خوشحال بنائیںگے۔ جماعت اسلامی کی خدمات تاریخ کا روشن باب ہیں، سراج الحق پاکستان کے وزیراعظم بنے گے تو مسائل حل ہوںگے۔ ملک و ملت کو آئی ایم ایف اور امریکہ سے آزاد کرانے کا وقت ہے۔ مہنگائی اور بے روزگار ی کا طوفان برپا کرنے والوںکو عوا م 8فروری کو مسترد کریںگے۔ پورے ملک میں تبدیلی کی لہر چل پڑی ہے، دیر این اے 6 میں جرگوںسے خطاب، درجنوں جرگوں نے سراج الحق کی حمایت کا علان کیا۔ عوامی جرگوں سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ ملک کو اس وقت اما نتدار اور دیانتدار قیادت کی ضرورت ہے۔